نئی قائم ہونے والی جامعات میں یہ اعزاز صرف اوکاڑہ یونیورسٹی نے حاصل کیا۔
اوکاڑہ(نمائندہ جاوید راہی)گلوبل ٹائمز میڈیا رپورٹ کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی کا بڑا اعزاز کیو ایس رینکنگ میں شامل نئی قائم ہونے والی جامعات میں یہ اعزاز صرف اوکاڑہ یونیورسٹی نے حاصل کیا۔کیو ایس کی ایشیائی رینکنگ میں اوکاڑہ یونیورسٹی کا 650-601 نمبر گلوبل ٹائمز میڈیا تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی پاکستان میں 2016 کے بعد قائم ہونے جامعات میں پہلی یونیورسٹی ہے جس کو دنیا کے معروف رینکنگ ادارے کیو ایس نے ایشیائی جامعات کی درجہ بندی والی لسٹ برائے سال 2022 میں 650-601 نمبر پر رینک کر دیا ہے۔ یہ اعزاز گزشتہ چند سالوں کے دوران بننے والی یونیورسٹیوں میں کسی کے پاس نہیں ہے۔اس موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے کہا کہ تمام تر ناموافق حالات کے باوجود کیو ایس رینکنگ کا حصہ بننا ہمارے لیے ایک باعث فخر کامیابی ہے۔انہوں نے اس حوالے سے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر ارشد کامران کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کیو ایس جیسے ادارے جب کسی نئی یونیورسٹی کو رینک کرتے ہیں تو اس سے اس یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین کے قد میں اضافہ ہوتا ہے ،خاص طور پر اس صورت میں جب وہ بیرون ملک اعلی تعلیم کے اصول اور تحقیق کی غرض سے جانے کے خواہش مند ہوں۔ایک نئی یونیورسٹی کےلیے یہ اعزاز حاصل کرنا کوئی آسان کام نہ تھا لیکن ڈاکٹر ارشد نے شبانہ روز محنت سے اسے ممکن بنا دیا۔کیو ایس رینکنگ میں کارفرما عوامل پہ بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشد نے بتایا کہ یہ ادارہ جامعات ان کی تعلیمی مقبولیت، انتظامی کارکردگی، اساتذہ اورطلباء کے تناسب، اساتذہ کے شائع ہونے والے تحقیقی مقالہ جات، بین الاقوامی اساتذہ اور طلباء کی شرح کی بنیاد پہ پرکھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی انتظامیہ اور اساتذہ کے تعاون سے اس کسوٹی پہ پورا اتری ہے اورآئندہ ہم مزید بہتری کی طرف گامزن رہیں گے۔
