جیکب آباد شہر کی سیاسی، سماجی، دینی اور بیوپاری تنظیموں کااجلاس

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد شہر کی سیاسی، سماجی، دینی اور بیوپاری تنظیموں کااجلاس، شہر کے بنیادی مسائل جمس اسپتال کی حالت زار، پینے کے پانی کی عدم فراہمی، گیس، بجلی کی لوڈشیڈنگ، امن امان کی خراب صورتحال سمیت دیگر مسائل پر تشویش کا اظہار، جمس میں صحت کی سہولیات کی عدم فراہمی پر تحریک چلانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر کی ایک سو سے زائد سیاسی، سماجی، دینی اور بیوپاری تنظیموں پر مشتمل شہری اتحاد جیکب آباد کی سپریم کونسل کا اجلاس صدر محمد اکرم ابڑو کی صدارت میں ان کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا، اجلاس میں جے یو آئی کے ضلع امیر و شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، جماعت اسلامی کے حاجی دیدار لاشاری، ترقی پسندپارٹی کے دلمراد لاشاری،جے یو آئی کے مولانا عبدالجبار رند، مہران سوشل فورم کے عبدالحئی سومرو، سٹی فورم کے حماد اللہ انصاری، بی این پی کے گلاب جان مینگل، نیشنل پارٹی کے شاہد جوادی، اے پی سی کے محمد شعبان ابڑو، ایس یو پی کے فدا لکھن، مسلم لیگ ن کے مجیب بنگلانی، عام انسان تحریک کے عابد سندھی، وحید بروہی، جے یو پی کے مولانا رفیق احمد فخری، عبدالفتح ڈومکی، نصر اللہ ڈومکی، حاجی لکھمیر چاچڑ، عبدالنبی لاشاری، عرفان علی گھنیو، افضل سیال، احمد علی ٹالانی، بقا محمد چھجن، بابل جان لہڑی سمیت دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی، اجلاس میں شہر کے بنیادی مسائل سمیت جمس اسپتال میں صحت کی سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس سے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ 68کروڑ روپے بجٹ ہونے کے باوجود جمس اسپتال میں مریضوں کو غیر معیاری ادویات دی جارہی ہیں جمس میں تاحال ایمرجنسی شروع کی نہیں گئی علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کے بجائے دربدر کیا جاتا ہے خصوصاً زچگی کے لیے آنے والی خاتون کا علاج کرنے سے انکار کردیا جاتا ہے جس کی وجہ سے آئے روز اموات کے واقعات رونما ہورہے ہیں،نااہل انتظامیہ کی وجہ سے اسپتال کی اہم مشنری بند پڑی ہوئی ہے، ڈائریکٹر کی پوسٹ خالی ہونے کے باوجود تاحال کوئی اہل ڈائریکٹر مقرر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اسپتال کی صورتحال مزید خراب ہوچکی ہے،انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار شاہد شاہ پورے عملے کو یرغمال بنا کر اپنی من مانیاں کررہا ہے جو کنٹریکٹ پر مقرر ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی بھی کرتا ہے اسپتال کو غیر اعلانیہ طور پر اس ٹھیکیدار کے حوالے کردیا گیا ہے، جمس اسپتال میں ادویات ملٹی نیشنل کمپنیوں کے بجائے لوکل مارکیٹنگ کمپنیوں سے خرید کرکے بل ملٹی نیشنل کمپنیوں کے وصول کئے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر عبدالواحد ٹگڑ کی بے ضابطگیوں کے خلاف عدالت جائیں گے، انہوں نے کہا کہ جمس اسپتال صرف اسپتال ہی نہیں بلکہ اس میں ریسرچ، ڈپلومہ اور میڈیکل کالج کی سہولیات بھی مہیا کرنا ہے لیکن یہاں حالت یہ ہے کہ ابھی تک ایمرجنسی بھی شروع نہیں کی گئی اور ہاسٹل پر غیر متعلقہ لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے، بغیر اشتہارات کے سفارش کی بنیاد پر اسپتال میں بھرتیاں کی گئی ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10نومبر کو شہری اتحاد کا وفد جمس اسپتال کا دورہ کرکے وہاں سہولیات کا جائزہ لے گا اور مریضوں سے ملاقات کرکے مسائل معلوم کئے جائیں گے جس کے بعد باضابطہ تحریک شروع کی جائے گی،اجلاس میں شہر کے دیگر بنیادی مسائل پینے کے پانی کی عدم فراہمی، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، امن امان کی خراب صورتحال سمیت دیگر مسائل پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور رہنماؤں نے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے شہری اتحاد اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اگر شہر کے مسائل حل نہ کئے گئے تو مرحلیوار تحریک چلائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں