ساوتھ ایشین کالمسٹ کونسل( ساک ) کے خصوصی وفد نے شیخوپورہ میں قائم اسکولز اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا

Spread the love

راشدخان کھیوڑہ
ساوتھ ایشین کالمسٹ کونسل( ساک ) کے خصوصی وفد نے سابق چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ کی دعوت پر ان کے آبائی علاقے مہموں والی شیخوپورہ میں قائم اسکولز اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا۔ وفد میں ساک کے روح رواں ضمیر آفاقی، حنیف انجم، عمران یوسف، رقیہ غزل اور مظہر چودھری کے علاوہ الیکٹرانک میڈیا کے رپورٹر شامل تھے۔ ایڈمرل آصف سندیلہ نے 2011 سے 2014 تک پاک بحریہ کے سربراہ کے طور پر خدمات سر انجام دیں، پاکستان میں تعلیم کی بہتری کے لئے کام کرنے والی غیر ملکی شخصیت سے متاثر ہو کر مہموں والی میں دو سرکاری اسکولوں کو اڈاپٹ کیا اور چند سالوں میں انہیں بہترین سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ ان کا تعلیمی معیار اتنا بلند کر دیا کہ مہموں والی کے ارد گرد کے علاقوں سے بھی لوگ یہاں اپنے بچوں کو تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے لیے بھیجنے لگے۔ ان اسکولوں کی جدید سہولیات اور بہترین معیار تعلیم کی وجہ سے مہموں والی کے لوگوں نے اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں سے ہٹا کر یہاں داخل کرانے کو ترجیح دینا شروع کر دی جس کے نتیجے میں گاؤں میں موجود تین پرائیویٹ اسکولز بند ہو گئے۔ ایڈمرل صاحب نے وقت کے ساتھ ساتھ ایسے اسکولوں اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا دائرہ کار پورے ملک تک وسیع کرنا شروع کر دیا۔ اس وقت شیخوپورہ میں 19 اسکولوں سمیت پنجاب، سندھ، خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان میں کل 103 اسکولز کام کر رہے ہیں جہاں بچوں کو فری تعلیم دینے کے کے ساتھ ساتھ باعزت روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں