جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں پولیس مددگار سینٹر کے قریب کریانہ کی دوکان پر ڈکیتی، تین مسلح افراد دوکاندارکو تشدد کا نشانہ بنا کر نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سول لائین تھانہ کی حدود میں واقع پولیس مددگار پولیس سینٹر کے قریب دن دیہاڑے کریانہ کی دوکان پر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں تین موٹر سائیکل سوار مسلح افراد دوکاندار پریم کمار کو تشدد کا نشانہ بنا کر نقدی اوردو موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔جیکب آباد ضلع میں امن امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث شہری غیر محفوظ ہوچکے ہیں، ضلع بھر میں ڈکیتی، لوٹ مار، چوری کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں، جیکب آباد شہر میں موٹر سائیکل چھیننے، چوری کرنے، شہریوں سے لوٹ مار کے واقعات میں اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں امن امان قائم کیا جائے۔
