جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم ضلعی انتظامیہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے ضلع بھر میں گرانفروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر قانونی کارروائی کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ کوئی دکاندار اشیاء ضروریہ کے مقررہ نرخوں سے زائد قیمت وصول کر کے عوام کا استحصال نہ کر سکے۔ ڈپٹی کمشنر نعمان حفیظ کی ہدایت پر جہلم اور تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور سپیشل پرائس مجسٹریٹس نے ماہ نومبر کے دوران 7,547 چھاپے مارکر 667 خلاف ورزیاں پکڑی ہیں، جس پر گراں فروشوں کو مجموعی طور پر 14 لاکھ 86 ہزار 5 سو روپے کے جرمانے کئے گے ہیں جبکہ 10 ایف آئی آر درج ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اگر کوئی دکاندار سرکاری نرخوں سے مہنگی اشیاء فروخت کرے تو شہری فوری طور پر گورنمنٹ آف پنجاب کی بنائی گئی ”قیمت پنجاب” ایپلی کیشن پر شکایت درج کروائیں۔
