وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات20دسمبر سے کرنی چاہئیں جبکہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ویکسین کا عمل جاری ہے ، اومی کرون کے کیسز پاکستان میں تصدیق ہونا شروع ہو چکے ہیں، جب سکول کھلیں گے تو اومی کرون پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سربراہ این سی او سی اسد عمر سے ملاقات کی جس میں وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سردی زیادہ ہو رہی ہے، لوگوں نے چھٹیوں کے حوالے سے پلان کیے ہوتے ہیں، چھٹیاں20دسمبر سے کرنی چاہئیں، ہماری سفارش ہے کہ20دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کریں۔ اس موقع پر سربراہ این سی او سی نے کہا کہ کورونا ویکسین کا عمل جاری ہے۔ اومی کرون کیسز پاکستان میں تصدیق ہونا شروع ہو چکے ہیں، این سی او سی نے اومی کرون کے پھیلا ؤکے پیش نظر تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے، تین ہفتوں میں کورونا پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے، جب سکول کھلیں گے تو اومی کرون پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہو گا، ا ومیکرون خطرناک نہیں البتہ پھیلائو کے پیش نظر احتیاط بہت ضروری ہیں۔سربراہ این سی او سی نے کہا کہ 20 دسمبر سے چھٹیاں ہوں تو دوبارہ ادارے کھلنے پر اگر کورونا پھیلے گا تو دوبارہ ادارے بند کرنا پڑ سکتے ہیں، این سی او سی حکام سے معاملہ پر بات کروں گا۔
