قوم کا پیسہ لانڈرنگ میں استعمال ہوا،احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے،عمران خان

Spread the love

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومتی ترجیحات ہیں،قوم کا پیسہ منی لانڈرنگ میں استعمال ہوا،احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، میر ے اخراجات لاکھوں کے نہیں، اپوزیشن کے لیڈرز نے ملکی خزانہ لوٹا، اس پر زیادہ بات ہونی چاہئے،شوکت خانم ٹرسٹ پر لوگوں کا اعتماد قائم ہے، فلاحی منصوبے کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر سیاست کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب اور خواجہ آصف کیخلاف دائر ہرجانہ کیس کی سماعت کے دوران بیان میں کیا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کے منی لانڈرنگ کیس کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا، معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے وزیراعظم اور شرکاء کو کیس کے قانونی نکات پر بریفنگ دی۔ منی لانڈرنگ کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کا پیسہ منی لانڈرنگ میں استعمال ہوا، احتساب سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔اجلاس میں ملک میں توانائی کی تازہ صورتحال حال پر بھی غور کیا گیا، اور ملک میں گیس کی قلت اور حکومتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جب کہ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے وزیراعظم اور شرکاء کو بریف کیا۔ وزیراعظم کو مہنگائی کی تازہ ترین صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی، اور مشیر خزانہ شوکت ترین نے شرکا کو معاشی اعدادوشمار پر اعتماد میں لیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ اقدامات سے مہنگائی میں کمی کا ٹرینڈ دیکھنے میں آئے گا۔ جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی ریلیف اور مہنگائی میں کمی حکومتی ترجیحات ہیں۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے منحرف رہنما جسٹس (ر) وجیہ الدین کے الزامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ جس پر وزیراعظم عمران خان نے وزراء کو جسٹس ر وجیہ الدین کے بیانات پر ردعمل سے روک دیا، اور کہا کہ میڈیا نے جسٹس (ر) وجیہ الدین کی بیانات کو اتنا اچھالا، اپوزیشن کی کرپشن پر کوئی بات نہیں کرتا، میرے کوئی لاکھوں کے اخراجات نہیں، ایسی باتوں پر بات کرکے وقت ضائع نہ کریں، اپوزیشن جماعتوں کے لیڈرز نے ملکی خزانہ لوٹا، اس پر زیادہ بات ہونی چاہیئے۔ دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ای کورٹ سے عدالتی کاروائی چلانا ایک خوش آئند اقدام ہے۔ ای کورٹ کے ذریعے کاروائی میں معزز عدالت کے قیمتی وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے۔ عدالت کی ای کورٹ سے کاروائی کورٹ کیسوں کو وقت میں نبٹانے میں معاون ثابت ہوگی۔ ای کورٹ کے تعارف اور کارروائی کامیاب طریقے سے عمل میں آنے پر عدلیہ اور حکومتی ادارے دادِ تحسین کے مستحق ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ان خیالات کا اظہار خواجہ آصف کے خلاف دائر ہتکِ عزت کے کیس میں اپنے وکیل سینیٹر ولید اقبال کی موجودگی میں اپنے دفتر سے ای-کورٹ کے ذریعے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن عدالت اسلام آباد کی کاروائی میں شرکت کے موقع پر کہی۔ وزیرِ اعظم کی طرف سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج محمد عدنان کی عدالت میں سابقہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے وزیرِ اعظم عمران خان پر شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے فنڈ میں غیر شفافیت، منی لانڈرنگ اور بے نامی کمپنیوں کے استعمال جیسے مبینہ الزامات کے خلاف دائر 10 ارب روپے کے ہرجانے کے کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ پر لوگوں کا اعتماد قائم ہے۔ شوکت خانم ٹرسٹ دنیا میں منفرد اور واحد مفت کینسر کے علاج کا ہسپتال چلا رہی ہے۔ ایسے فلاحی منصوبے کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر سیاست کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عدالت سے امید ہے کہ وہ ایسے الزامات پر مثالی فیصلہ دے کر آئندہ کیلئے اس روایت کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں