ساہیوال ( چوہدری آصف ندیم آرائیں )طالبات کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور سکول میں اعلیٰ نظم و ضبط قائم کرنے پر برٹش کونسل پاکستان کی طرف سے گورنمنٹ گرلز اسلامیہ ہائی سکول ساہیوال کی ہیڈ مسٹریس منزہ جبیں کو انٹرنیشنل سکول ایوارڈ دیا گیا۔ ایوارڈ دینے کی خصوصی تقریب برٹش کونسل لاہور میں منعقد ہوئی جس میں پنجاب بھر کے چنیدہ تعلیمی اداروں کو اعلیٰ کارکردگی پر انٹرنیشنل سکول ایوارڈ 2021دیے گئے۔ ایوارڈ وصول کرنے پر ڈپٹی کمشنر ساہیوال واجد علی شاہ اور سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمدارشد نے ہیڈ مسٹریس منزہ جبیں کو مبارکباد دی ہے اور ان کی اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ واضع رہے کہ برٹش کونسل ہر سال نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور بہترین انتظامی صلاحیتوں پر سکولوں اور ان کے سربراہوں کو سالانہ ایوارڈ سے نوازتی ہے۔ اس موقع پر اپنے تاثرات میں ہیڈ مسٹریس منزہ جبیں نے کہا کہ ایوارڈ حاصل کرنا سکول کے تمام اساتذہ کی محنت کا ثمر ہے جنہوں نے بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے اور سکول کو ایک ماڈل تعلیمی ادارہ بنانے میں ان کی مدد کی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سکول کا یہ اعلیٰ تعلیمی معیار برقرار رکھیں گی تاکہ اسے ساہیوال کا مثالی سکول بنایا جا سکے۔
