ذرائع آمدورفت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ضلع ساہیوال اور اوکاڑہ کیلئے 6 مزید ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

Spread the love

ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں )پنجاب حکومت نے عوام کو ذرائع آمدورفت کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ضلع ساہیوال اور اوکاڑہ کیلئے 6 مزید ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ ایک ارب 89کروڑ74لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ ان منصوبوں میں ساہوال بائی پاس کے فیز IIمیں ہڑپہ روڈ سے جی ٹی روڈ تک 4کلو میٹر نئی سڑک اور اوور برج کی تعمیر بھی شامل ہے جس پر ایک ارب 4کروڑ 35لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ یہ بات سپرنٹنڈنٹ انجینئر ہائی وے سرکل ساہیوال سہیل اکرم نے اپنے دفتر میں منصوبوں کی تفصیلات دیتے ہوئے بتائی۔ اس موقع پر ایکسین ہائی وے منصور حیدر بخاری بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سرور چوک سے جی ٹی روڈ تک ساہیوال بائی پاس کا فیز Iہڑپہ روڈ تک پہلے ہی مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ دوسرے فیز پر کام کا جلد آغاز ہو جائے گا جس سے ساہیوال شہر کا یہ اہم منصوبہ مکمل ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 14کروڑ80لاکھ روپے کی لاگت سے تحصیل چیچہ وطنی میں کسووال سے کماند تک 10کلو میٹر سڑک کارپٹ کی جائے گی جو چکوک نمبر8/14L،13/14L اور17/14Lسے گزرے گی جس سے ان چکوک کے ہزاروں افراد کو فائدہ ہو گا۔ اس کے علاوہ 26کروڑ90لاکھ روپے کی لاگت سے چیچہ وطنی شہر سے گزرنے والی ساڑھے 5کلو میٹر پرانی جی ٹی روڈ کو بھی ون وے کیا جائے گا۔ اسی طرح 4کروڑ30لاکھ روپے میں ریلوے سٹیشن چیچہ وطنی سے مرتضیٰ شہید پارک تک اوکانوالہ روڈ کو کارپٹ کرنا بھی ان منصوبوں میں شامل ہے۔ ایس ای ہائی وے سہیل اکرم نے مزید بتایا کہ 34کروڑ81لاکھ روپے سے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں قصور حجرہ روڈ سے بصیر پور روڈ تک ایک اہم سڑک کی مرمت اور تعمیر نو کی جائے گی جو فتیانہ ڈھلیانہ، کھجوروالا، پیر حیات، قدیرہ باد اور جسوکی سے گزرے گی۔ اس سڑک کی کل لمبائی ساڑھے 36کلو میٹر ہے جس سے ہزاروں افراد کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منظور ہونے والے منصوبوں میں 4کروڑ 56لاکھ روپے کی لاگت سے تحصیل چیچہ وطنی میں اڈہ سائیں دی کھوئی بورا روڈ سے موڑ چک نمبر 11/11Lاور جنازگاہ چک نمبر35/12Lتک تین کلو میٹر سے زائد سڑک کو چوڑا کر کے از سر نو تعمیر کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں