بچوں کو کسی نے اغواء نہیں کیا بلکہ والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر گھرسے بھاگے،
والدین کی قصور پولیس کو دعائیں۔
قصور(سپیشل رپورٹر)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق نظام پورہ کے رہائشی جاوید نے تھانہ صدر قصور پولیس کو مورخہ 11نومبر کو بتایا کہ اسکے دو بیٹے 12سالہ شان عمر اور 10سالہ سلمان عمر گھر سے چلے گئے ہیں جن کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا ہے۔جس پر تھانہ صدر قصور پولیس نے فوری طور پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا اور دونوں بچوں کی برآمدگی کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن حافظ کامران اصغر کی زیر نگرانی میں، اے ایس پی رحمت اللہ کی سربراہی اورایس ایچ اوثقلین بخاری و دیگر ملازمین پر مشتمل سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئیں،بچوں کی گمشدگی کا انسپکٹرجنرل آف پولیس پنجاب نے نوٹس بھی لے رکھا تھا۔پولیس ٹیموں نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کی برآمد گی کیلئے مساجد میں اعلانات کروائے گئے، سوشل میڈیا پربچوں کی تصویر وائرل کی، اس کے بعد علاقے کا سرچ آپریشن کیا،ویران جگہوں اور کھیتوں کو چیک کیا گیا، عزیزواقارب اور اہل دیہہ سے پوچھ گچھ کی گئی اوربالآخر پولیس ٹیموں کی مسلسل اڑھائی ماہ کی محنت کے بعد دونوں بچوں کو لاہور کے علاقہ گارڈن ٹاؤن سے برآمد کرلیا گیا۔ بچوں کو کسی نے اغواء نہیں کیا بلکہ والد کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ ہو کر گھر سے بھاگ گئے تھے۔بچوں کی باحفاظت واپسی پر والدین نے قصور پولیس کا شکریہ ادا کیا۔
