
ساہیوال(چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں)ڈپٹی کمشنرمحمداویس ملک نے کہاہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے حکومتی کوششوں کو کامیاب بنایا جارہاہے ڈویلپمنٹ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اورکوالٹی اسٹینڈرڈکویقینی بنانے کیلئے متواترفیلڈوزٹ کئے جارہے ہیں جلد شہری ضلع میں خوشگوار تبدیلی دیکھیں گے-شہرکی بہتری کیلئے مل جل کر کام کرینگے -اوپن ڈور پالیسی کے تحت عوام کی براہ راست افسران تک رسائی سے عوامی مسائل میں کمی ہو رہی ہے-ان خیالات کااظہارانہوں نے پریس کلب رجسٹرڈساہیوال کے ایک وفد سے تعارفی ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا-وفد کی قیادت سینئرصحافی پیرسیدطمطراق محاسن شاہی کررہے تھے-انہوں نے کہاکہ میونسپل سروسز پروگرام سے نکاسی و فراہمی آب کے منصوبے، شاہرات کی بحالی سے بہتری آئے گی،شاہرات سے تجاوزات کا خاتمہ کرنے کیلئے آپریشن تیز کردیاہے-پاکستان کو کلین اینڈ گرین کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہر محب وطن شہری کا فرض ہے کہ ارض پاک کو صاف و سرسبزو شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کرے-انہوں نے کہاکہ ضلع ساہیوال میں 18ارب روپے سے زائد کے 8سو سے زائد جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے دوردراز علاقوں کے عوام کو بھی زندگی کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں گی-جھال روڈ اوور ہیڈ برج کی تعمیر تیزی سے جاری ہے،ساہیوال بائی پاس کے فیزIIکی تعمیر کا آغاز کردیاہے جس سے شہر سے ہیوی ٹریفک کا گزرنا ختم ہو جائیگااورشہریوں کوٹریفک مسائل سے چھٹکاراملے گا-انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکی قیادت میں پنجاب حکومت 25کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ظفر علی سٹیڈیم میں سینتھٹک اتھلیٹکس ٹریک کی تعمیر شروع کر رہی ہے جس سے نوجوانوں کو اتھلیٹکس کی عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے میں بڑی مدد ملے گی -انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہیں عوامی مسائل کی نشاندہی پر انتظامیہ فوری ایکشن لے گی۔صحافیوں نے ڈپٹی کمشنر کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ساہیوال کے صحافیوں نے ہمیشہ مثبت صحافت کو فروغ دیا اور اس ضلع کی تعمیر و ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔وفد نے صحافی کالونی سمیت دیگر مسائل بارے ڈپٹی کمشنر کی توجہ مبذول کرائی –
