جیکب آباد میں ہندو جنرل پنچائت کے صدر پر پولیس تشدد کا معاملہ

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں ہندو جنرل پنچائت کے صدر پر پولیس تشدد کا معاملہ، آئی جی سندھ کے حکم پر ایس ایس پی نے 4 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف اور 2اہلکاروں کی سروس ختم کردی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ہندو جنرل پنچائت کے صدر لال چند سیتلانی اور ان کے بیٹے کو اٹھا کر غائب کرنے اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے والے معاملے پر آئی جی سندھ پولیس کے حکم پر ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنہ نے 4 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف اور 2 اہلکاروں کی سروس ختم کردی ہے، برطرف کئے جانے والے اہلکاروں میں سب انسپکٹر جہانگیر مٹھیانی، سب انسپکٹر علی حسن مہر، ڈی آئی بی انچارج انور شاہ اور پولیس کانسٹیبل عمر بنگلانی شامل ہیں جبکہ 2 اہلکاروں انویسٹی گیشن آفیسر نزاکت بھٹو اور ہیڈ کانسٹیبل منیر بھٹو کی سروس ختم کردی گئی ہے، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ایس ایس پی جیکب آباد سمیر نور چنہ نے بتایا کہ آئی جی سندھ کے حکم پر لال چند سیتلانی اور ان کے بیٹے شیوا سیتلانی پر تشدد کرنے والے 4 اہلکاروں کو برطرف اور 2 کی سروس ختم کی گئی ہے۔دوسری جانب ہندو جنرل پنچائت کے صدر لال چند سیتلانی نے رابطہ کرنے پر کہا کہ میرے ساتھ ذیادتی سابق ایس ایس پی شمائل ریاض ملک نے کی ہے اور تشدد کا نشانہ بھی ان کے حکم پر بنایا گیا تھا لیکن اس کو کلین چٹ دی گئی ہے جوکہ میرے ساتھ ذیادتی ہے اس معاملے پر سینٹ کی کمیٹی برائے داخلہ کو شکایت کی جائے گی جب تک ایس ایس پی شمائل ریاض ملک کے خلاف کاروائی نہیں ہوتی تب تک میرے ساتھ انصاف نہیں ہوگا اور میں اس کے خلاف اعلیٰ ایوانوں تک آواز اٹھاؤنگا۔یاد رہے کہ ہندو جنرل پنچائت کے صدر لال چند سیتلانی اور ان کے بیٹے شیوا سیتلانی کو سابق ایس ایس پی شمائل ریاض ملک کے احکامات پر پولیس نے 22 اکتوبر 2021 کو اٹھا کر غائب کردیا تھا اور انہیں سخت تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس پر شہریوں کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا تھا اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اس کانوٹس لیا تھا اور لال چند سیتلانی نے سینٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر کمیٹی کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے ایس ایس پی سمیت دیگر ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی سفارش کی تھی جس کے بعد آئی جی سندھ پولیس نے ایس ایس پی انٹیلی جنس کراچی فیصل عبداللہ چاچڑ کو تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم جاری تھا، جس پر ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ نے سب انسپکٹر جھانگیر مٹھیانی،پولیس کانسٹیبل عمر بنگلانی کو نوکری سے برطرف کرنے جبکہ سب انسپکٹر علی حسن مہر،ڈی آئی بی انچارج انور شاہ، ہیڈکانسٹیبل منیر بھٹو، انویسٹیگیشن آفیسر نزاکت بھٹو کو بڑی سزا دینے کی سفارش کی تھی۔جس کے بعد آئی جی پولیس نے ایس ایس پی جیکب آباد کو اہلکاروں کے خلاف کاروائی کرنے کے احکامات جاری کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں