عباس مجید خان مروت اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے فورس میں شامل ممبران کو ٹریفک قوانین اور شہریوں کو آگاہی دینے کی تربیت دی۔
پشاور(نمائندہ وصال احمد)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے رضا کار فورس کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کیلئے تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت ایس پی ہیڈ کوارٹرز آصف بہادر ‘ اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے رضا کار فورس میں شامل طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دی ۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے شہباز طاہر نے خصوصی شرکت کی.سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور ایجوکیشن ٹیموں نے رضا کار فورس کے ممبران کو ہیلمٹ ‘سیٹ بیلٹ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سے متعلق خصوصی لیکچرز دیئے۔واضح رہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے گزشتہ ہفتے رضا کار فورس تشکیل دی گئی تھی جس کے ممبران سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور ایجوکیشن ٹیموں کے ہمراہ شہر بھر میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینگے.چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اپنے خطاب میں کہا کہ ٹریفک قوانین سے متعلق شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا ناگزیر ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ ٹریفک قوانین سے نا خبر ہیں جن کو آگاہی دے کر ہی ٹریفک مسائل اور ٹریفک حادثات کو روکا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے طلباء و طالبات پر مشتمل رضا کار فورس کی تشکیل کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہ کرنا ہیں.انہوں نے کہا کہ رضا کار فورس کے ممبران شہریوں کو شہر بھر میں لین لائن ڈسپلن ‘زیبرا کراسنگ ‘ سیٹ بیلٹ ‘ہیلمٹ اور ون ویلنگ سمیت دیگر ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں شہریوں کو ٹریفک کی روانی سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ فورس کی تشکیل کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو جائیگا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہ کیا جائے گا.انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی.رضا کار فورس کے ممبران شہر کے بازاروں میں تاجروں کو تجاوزات کے خاتمے کے بارے میں بھی آگاہی دینگے تاکہ شہر میں کسی قسم کی ٹریفک جامنگ کا مسئلہ درپیش نہ ہو.انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کی جانب سے فورس میں شامل ہونا خوش آئند ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے شہباز طاہر نے کہا کہ ملکی ترقی میں نوجوانوں کا اہم کردار ہے نوجوان ہر فورم پر ملکی ترقی اور وقار بلند کرنے میں اپنا لوہا منوائیں.
