جیکب آباد(نامہ نگار) ٹھل میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کرگاڑی، موٹر سائیکل، نقدی اور زیورات لوٹ کرلے گئے، واقعے کے خلاف متاثرین کا احتجاج۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے اے سیکشن تھانہ کی حدود میں نامعلوم ڈاکو اعجاز نوناری کے گھر میں داخل ہوکر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر گھر میں موجود گاڑی، موٹر سائیکل، نقدی اور زیورات لوٹ کر لے گئے، ڈکیتی کی اطلاع کے باوجود پولیس کے نہ پہنچنے پر متاثرین نے کندھکوٹ روڈ کو بلاک کرکے ٹائر نذر آتش کردئیے جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر متاثرین کا کہنا تھا کہ پولیس امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ڈکیتی کی وارداتیں معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے عوام غیر محفوظ ہے، انہوں نے کہا کہ بتایا کہ 4نامعلوم مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہلخانہ کو یرغمال بنایا اور سب کچھ لوٹ کر لے گئے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا ہوا سامان برآمد کیا جائے۔
