اسلام آباد/لندن ( عارف چودھری )
ممبر کشمیر کونسل وچئیرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل متحدہ عرب امارات محمد یونس میر کا برطانوی پاکستانی نژاد وفد کے اعزاز میں عشائیہ، عشائیہ تقریب میں سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین، پاکستان تحریک انصاف کی ممبر قومی اسمبلی محترمہ شاہندانہ گلزار، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین، صدر یوتھ پارلیمنٹ آف پاکستان عبید الرحمن قریشی، حریت کانفرنس کے رہنما عبدالحمید لون ودیگر نے شرکت کی عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر پارلیمنٹرینز گروپ برٹش پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈ کے رکن لارڈ قربان حسین نے کہا کہ برطانیہ میں ہمارے ممبران پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈز کے ممبرز مسئلہ کشمیر کو برطانیہ اور انٹرنیشنل فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردا ادا کر رہے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ہمیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کشمیری عوام کا موقف برطانوی حکومت اور برطانوی وزیر خارجہ تک پہنچائیں گے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی ممبر قومی اسمبلی محترمہ شاہندانہ گلزار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں مسئلہ کشمیر ہمیشہ سرفہرست رہا ہے وزیراعظم پاکستان عمران خان سفیر کشمیر ہیں انھوں نے ہر فورم پر سفیر کشمیر بن کر کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچایا یہی وجہ ہے آج دنیا مسئلہ کشمیر کو جان چکی ہے اور اس کے پرامن حل کے لئے کوششیں جاری ہیں۔اس موقع پر جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شروع دن سے جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کی اور آج بھی ہم یورپ اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہر ماہ کے اندر کشمیر کانفرنسز، کشمیر ویبینار، احتجاجی جلسے اور جلوس منعقد کرواتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔راجہ نجابت حسین نے بتایا کہ ہم 5 مارچ سے 28 مارچ یورپ اور انگلینڈ میں مختلف تقریبات منعقد کریں گے اور مقبوضہ جموں وکشمیر کی خواتین کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کریں گے آخر میں ممبر کشمیر کونسل و چئیرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت متحدہ عرب امارات محمد یونس میر نے عشائیے میں شریک تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
