ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل)کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور چیف سیکرٹری کامران علی افضل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ دن رات خدمت خلق میں مصروف ہے۔ ساہیوال ڈویژن میں اب تک 1180کھلے مین ہولز پر کور رکھے جا چکے ہیں جبکہ سٹریٹ لائٹس کی مرمت، وال چاکنگ کا خاتمہ، گلی محلوں کی صفائی اور آوارہ کتوں کی تلفی روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں میونسپل سروسز میں بہتری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے جائزہ اجلاس میں کہی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ڈویژن کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں صفائی کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اب تک ضلع ساہیوال میں 668، ضلع اوکاڑہ میں 551اور ضلع پاک پتن میں 311مین ہولز پر کور رکھ دیے گئے ہیں جبکہ سٹریٹ لائٹس کی بحالی کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے آوارہ کتوں کے خلاف جاری مہم کو دیہی علاقوں میں بھی شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ صحت اور لائیوسٹاک کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ انہوں نے اہم شاہراہوں کے پیج ورک کی بھی ہدایت کی جس سے عوام کو درپیش سفری مشکلات کم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے ڈویژن کے تمام بڑے شہروں میں سیوریج لائنوں کی صفائی کے جاری کام کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تاکہ گلیوں میں سیوریج کا پانی کھڑا ہونے کی عوامی شکایات کا تدارک کیا جا سکے۔
