بھٹہ خشت میں نئی زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحولیات خیبر پختون خواہ
پشاور(نمائندہ وصال احمد)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحولیات خیبر پختونخوا محمد انور خان نے کہا ہے کہ ماحول دوست ماحول معاشرے کو فراہمی اولین ترجیح ہے۔ بھٹہ خشت میں نئی زگ زیگ ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے۔ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ماحول پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ ماحول کی آلودگی انسانوں میں امراض کا موجب ہیں۔ ماحول کی آلودگی آج کل دنیا کا سب سے بڑا انسانی مسئلہ بن چکا ہے۔ جب تک صنعتوں میں ماحول دوست ٹیکنالوجی کااستعمال شروع نہیں ہوگا۔ ہماری آئندہ نسلیں ماحول کی آلودگی کا شکار ہو گی۔ ہماری آئندہ نسلیں ماحول کی آلودگی کا شکار ہو گی۔پہلے دس زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہونے والے بھٹہ خشت مالکان کو حکومت کی جانب سے ایوارڈ دیا جائیگا۔ زگ زیگ بھٹہ خشت لگانے والے بھٹہ خشت مالکان کو تربیت دی جائیگی۔ بھٹہ خشت لگانے کے لئے بینک بھٹہ خشت مالکان کو قرضے فراہم کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اضاخیل کے مقام پر محکمہ تحفظ ماحولیات خیبر پختونخوا کے زیرنگرانی آگاہی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر آگاہی سیمینار سے ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات خیبر پختونخوا افسر خان، ڈائریکٹر حنیف خان، بھٹہ خشت یونین خیبر پختونخوا کے صدر میر غواث خان، بھٹہ خشت مالکان، بھٹہ خشت کے کارکنوں، محکمہ سمال انڈسٹریز، ٹویوٹاکے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب سے آئے ہوئے مہمانوں علی اسد نے بھٹہ خشت کی نئی ٹیکنالوجی زگ زیگ کے حوالے سے حاضرین کو بریفنگ دی۔ بھٹہ خشت خیبر پختونخوا کے یونین کے عہدہ داروں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس پر محکمہ تحفظ ماحولیات کے افسران نے ان کو اس حوالے سے مطمئن کیا۔ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا برائے محکمہ تحفظ ماحولیا ت محمد انور خان نے کہا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سے بھٹہ خشت سے پیدا ہونے والی آلودگی میں چالیس سے پچاس فیصد کمی آتی ہے۔ بھٹہ خشت کی پیداوار میں نوے فیصد تک بڑھوتری ہوتی ہے۔ ایندھن کا خرچہ چالیس فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیپال سے پاکستان منتقل ہونے والی اس ٹیکنالوجی کی بدولت پنجاب اس وقت سب سے زیادہ بھٹہ خشت اس ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں اور ان کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہو گیا ہے۔جبکہ خیبر پختونخوا میں یہ پراجیکٹ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ صوبے کے آٹھ سو بھٹہ خشت میں سے اب تک صرف دو بھٹے اس ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے تربیت یافتہ افراد جلد خیبر پختونخوا بلا کر یہاں پر افرادی قوت پیدا کی جائیگی۔ جو بعد میں مزید افراد کو ٹریننگ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو پہلے دس بھٹہ خشت اس ٹیکنالوجی پر منتقل ہوں گے ان کو حکومت کی جانب سے ان کی لاگت کے پچاس فیصد کے برابر ایوارڈ دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر بینک سے بھٹہ خشت مالکان کو اس ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لئے قرضوں کی فراہمی کے لئے حکومت بات چیت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل زگ زیگ بھٹہ خشت بنا کر روایتی بھٹہ خشت سسٹم خود بخود ختم کردیا جائیگا۔ کیونکہ زگ زیگ ٹیکنالوجی کی پیداوار روایتی بھٹہ خشت سے کئی گنا زیادہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے حاضرین کے ہمراہ بھٹہ خشت کا دورہ کیا اور ماہرین سے اس حوالے سے معلومات بھٹہ خشت مالکان کو فراہم کی گئی۔
