جیکب آباد(نامہ نگار) لیڈی ہیلتھ ورکز یونین کی جانب سے سیمینار،ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کی جدوجہد کرنے والوں کو ایوارڈ دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کی جانب سے ٹاؤن ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار میں ڈی ایچ او ڈاکٹر عبدالغفار رند، ڈاکٹر غلام محمد چنہ، سعدیہ بلوچ، ڈاکٹر خورشید، ڈاکٹر فرخندہ کٹو، لال خاتون، عباس علی، مرزا مقصود سمیت دیگر اضلاع سے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کی مرکزی صدر بشریٰ آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقوق حاصل کرنے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز نے بڑی سختیاں، تشدد اور گرفتاریاں برداشت کیں لیکن کبھی اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوئی ہمارے حوصلے بلند ہیں جس کی وجہ سے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کیا گیا، انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو فیلڈ میں بڑی مشکلات کا سامنا ہے، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت سروس اسٹریکچر سے محروم رکھا گیا ہے انہوں نے کہا کہ حقوق حاصل کرنے کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے۔ اس موقع پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مستقل کرنے کی جدوجہد میں ساتھ دینے والوں آسیہ ترین، عباس علی، صغریٰ میرالی، حاجراں سرکی، عابدہ گولو، نصرت سمیجو، روبینا دایو، محمد علی لاشاری، غلام نبی مہر، اکبر علی کھوسو اور دیگر کو ایوارڈ دئیے گئے۔
