یوکرین کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے خوفناک جنگ میں دھکیل دیا ہے
امریکہ اور اس کے اتحادیوں یوکرین کو جنگ میں دھکیل کر اب امن کے گیت گارہے ہیں
سازشی سیاست کے جو بیج امریکہ نے بوئے ہیں اس کی زہریلی جڑیں اب پورے یورپ میں پھیل رہی ہیں
پاکستان تاریخ کے دو راہے پر کھڑا ہے پاکستان کو اب بلاکس کی سیاست میں الجھ کر ریاست کا مزید نقصان کرنے سے گریز کرنا چاہئے
جیکب آباد(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن غنویٰ بھٹو نے یوکرین میں جاری جنگ کو سامراجی سازش کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے خوفناک جنگ میں دھکیل دیا ہے، یوکرین اور روس کے درمیان یہ معاہدہ تھا کہ یوکرین نیٹو کا حصہ نہیں ہوگا لیکن امریکہ نے یوکرین کو نیٹو میں شامل کرنے کی جو سازش کی اس سے روس کے وجود کے لیے خطرات پیدا ہورہے تھے دنیا کا کوئی بھی ملک اپنے پڑوس میں اپنے مخالف ملک کو قدم رکھنے کی اجازت نہیں سکتا امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے ایک طرف یوکرین کو جنگ میں دھکیلا ہے تو دوسری طرف امن کے گیت گانے میں مصروف ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پیپلز پارٹی شہید بھٹو کی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکہ اور اس کے اتحاد جس طرح روس کی جانب سے یوکرین پر حملہ کرنے پر واویلا کررہے ہیں کاش امن کا یہ اصول انہیں اس وقت بھی یاد رہتا جب امریکہ نے ویتنام کو جنگ کی آگ میں جلانے کی کوشش کی تھی جب انہوں نے کوریا میں جنگ کراکے کوریا کو دو حصوں میں تقسیم کیا، جب امریکہ نے جھوٹ بول کر عراق پر حملہ کیا اور ایک تاریخی ملک کو جنگ کے میدان میں تبدیل کیا، امریکہ کو یہ امن اس وقت کیوں یاد نہیں آیا جب لیبیا میں مداخلت کی گئی جب امریکہ نے 20 سال تک افغانستان پر بم گرائے اور بعد میں شکست کھا کر بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب امریکہ کے سامنے اپنے مفادات ہوتے ہیں تب وہ عالمی امن اور انسانیت کو بھول جاتا ہے متضاد معیارات کے ساتھ دنیا میں کبھی بھی امن قائم نہیں ہو سکتا۔ پارٹی چیئرپرسن نے کہا کہ امریکہ یوکرین کو یورپ کا شام بنانا چاہتا ہے، سازشی سیاست کے جو بیج امریکہ نے بوئے ہیں اس کی زہریلی جڑیں اب پورے یورپ میں پھیل رہی ہیں، یوکرین صرف روس اور نیٹو کا معاملہ نہیں یوکرین کے معاملے پر دنیا کی پرامن عوام کو آگے آکر امن کا جھنڈا لہرانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ ہم یوکرین میں جاری جنگ کی مذمت کرتے ہیں اور امن کی عالمی قوتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی پرامن جدوجہد سے اس جنگ کو امن میں تبدیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو پاکستان اس وقت تاریخ کے دو راہے پر کھڑا ہے پاکستان کو اب بلاکس کی سیاست میں الجھ کر ریاست کا مزید نقصان کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔
