جیکب آباد(نامہ نگار) ضلع جیکب آباد میں کی جانے والی نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف عوامی اتحاد کی جانب سے مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں الیکشن کمیشن اور محکمہ روینیو کی جانب سے کی جانے والی نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف ٹھل میں عوامی اتحاد کی جانب سے ایک احتجاجی جلوس جے یو آئی کے ڈاکٹر اے جی انصاری، سید عبدالباسط شاہ، تبدیلی پسند پارٹی کے محبوب سومرو، خورشید سومرو، ایس یو پی کے جمال جوش برڑو، سماجی رہنما عرض بنگلانی، شہید بھٹو کے سید عبدالقدوس شاہ، ابوا کے سردار ذوالفقار برڑو، شہری اتحاد کے عبدالوحید پہوڑ اور دیگر کی قیادت میں رہبر چوک سے نکالا گیا مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی حلقہ بندیوں کو مسترد کرتے ہیں ضلع کی تمام یونین کونسلز اور وارڈز کو توڑ کر حکمران جماعت کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ روینیو کے حکام نے الیکشن کمیشن کو گمراہ کرکے غلط حلقہ بندیاں کرائی ہے جن کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی رائے کے تحت حلقہ بندیاں کی جائیں بصورت دیگر الیکشن کمیشن کے ریجنل آفیس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔
