ساہیوال (چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف ساہیوال )ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا کمشنر آفس میں اجلاس، کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع پاکپتن میں عوام کیلئے پارکس کی تعمیر کی 3سکیموں پر غور کیا گیا، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈفنانس احمد خاور شہزاد نے تینوں سکیموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ان سکیموں میں ڈل وریام میں 6کروڑ60لاکھ روپے سے 80ایکڑ پر عبیداللہ شاہ پارک کی تعمیر، عارف والا شہر میں بس سٹینڈ کے مقابل 15کروڑ روپے سے 93کنال رقبے پر پارک کی تعمیر اور پاک پتن شہر میں ریلوے کی 8ایکٹر جگہ پر 15کروڑ روپے سے پارک کی تعمیر شامل ہے۔ اجلاس میں تینوں سکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا اور عارف والا شہر اور پاک پتن شہر میں 2پارکوں کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی تاہم یہ منظوری بالترتیب محکمہ ہاوسنگ اینڈ فیزیکل پلاننگ اور پاکستان ریلوے سے این او سی سے مشروط ہوگی۔ ڈل وریام میں بننے والے پارک کی منظوری محکمہ جنگلات کی طرف سے رضامندی نہ ملنے کی وجہ سے موخر کر دی گئی۔ کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی نے ڈپٹی کمشنر پاک پتن کو ہدایت کی کہ وہ جگہ کے حصول کیلئے محکمہ جنگلات سے دوبارہ رابطہ کریں تاکہ منصوبے کی منظوری دی جا سکے۔
