سندھ بلوچستان کو ملانے والی دلمراد مانجھی پور شاہراہ کا تعمیراتی کام 9 سال سے بند، علاقہ مکینوں نے تحریک چلانے کا اعلان کردیا

Spread the love

جیکب آباد(نامہ نگار) سندھ بلوچستان کو ملانے والی دلمراد مانجھی پور شاہراہ کا تعمیراتی کام 9 سال سے بند، علاقہ مکینوں نے تحریک چلانے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ بلوچستان کو ملانے والی دلمراد مانجھی پور شاہراہ کا کام 2013 سے تعطل کا شکار ہونے کے خلاف جیکب آباد کے علاقے کریم بخش کھوسو میں سماجی رہنما احسان اللہ کھوسو کی میزبانی میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں علاقے کے معززین اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں نے شرکت کی،اس موقع پر ڈاکٹر عبدالخالق کھوسو، کامریڈ غلام حسین کھوسو، شفیع محمد کھوسو اور دیگر معززین نے خصوصی شرکت کی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دلمراد مانجھی پور روڈ کا کام بند ہونے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی اور کریم بخش کھوسو سے جیکب آباد تک لانگ مارچ کیا جائے گا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ بلوچستان کے اہم شہروں کو ملانے والی شاہراہ کا کام تعطل کا شکار ہے 2013 سے دلمراد مانجھی پور مین شاہراہ کا کام بند ہے جبکہ شاہراہ کے لیے آئے کروڑوں روپے ٹھیکیدار اور افسران ملی بھگت کرکے ہڑپ کرگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ 2013 میں شاہراہ کا کام منظور ہوا تھا لیکن ٹھیکیدار صرف پتھر پھینک کر غائب ہوگیا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاہراہ کا کام فلفور مکمل کیا جائے بصورت دیگراحتجاج تحریک چلائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں