چیچہ وطنی۔محکمہ ریلوے نے میرا ، میرے بھائی اور بیٹے کے مکان مسمار کر دیے جس سے ہمارے گھروں کا سامان بھی ٹوٹ پھوٹ گیا،اس بستی میں ڈیڑھ سو گھر آباد ہیں جن میں سے صرف ہمارے ہی گھروں کو مسمار کیا گیا،جبکہ ریلوے کے ملازمین میرے بیٹے کو بھی پکڑ کر لے گئے، یہ باتیں نواحی گاﺅں 9/11-L اڈا دادفتیانہ بستی رانی بی بی کے رہائشی محمد ارشد ولد احمد علی، محمد عاشق ولد احمد علی، تحسین ولد محمد ارشد نے چیچہ وطنی پر کلب میں احتجاج کرنے کے بعد روتے ہوئے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائیں۔ اس نے بتایا کہ ہم اس بستی میں 50 سال سے رہائشی پذیر ہیں صرف محکمہ ریلوے نے ہمیں ہی انتقام کا نشانہ بنایا ہے ، محکمہ ریلوے کے ملازم ہمیں بلیک میل کر کے ہم سے پیسے بٹورتے ہیں نہ دینے پر انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کے ہمارے گھر اور سامان مسمار کر دئیے اور میرے چھوٹے بیٹے عبدالحق کو بھی کو بھی پکڑ کر لے گئے،ہم غریب آدمی ہیں ہمارا کوئی پرسان حال نہیں اور نہ ہی ہمارا کوئی ٹھکانہ ہے اس سرد موسم میں ہم کہاں جائیں ، انہوں نے چیچہ وطنی پریس کلب کی وساطت سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیرریلوے اعظم خاں سواتی سے فوری نوٹس لیتے ہوئے ہمارے گھر مسمار کرنے والے ریلوے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور نقصان کا ازالہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ریلوے ایس ایچ او شفقت علی سے جب اس سارے معاملے کا موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ محمد ارشد نامی شخص ریلوے کی جگہ پر نئی تعمیر کررہا تھا اور ناجائز تجاوزت کی ہوئی تھیں، اس لئے اس کے خلاف 13/22 مقدمہ درج کیا گیا اور ناجائز تعمیر مسمار کی گئیں۔
