جیکب آباد(نامہ نگار) سندھ بلوچستان کے کئی شہروں کو ملانے والے دلمراد مانجھی پور روڈ کا کام9سال سے مکمل نہ ہونے پر علاقہ مکینوں کا ٹھیکیدار کے خلاف احتجاج، سندھ بلوچستان بارڈر پر دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب سندھ بلوچستان کے کئی شہروں کو ملانے والی دلمراد مانجھی پور شاہراہ کا کام 9 سال سے مکمل نہ ہونے کے خلاف گوٹھ کریم بخش کھوسوکے مکینوں نے کامریڈ غلام حسین کھوسو، نوید احمد شاہ، ڈاکٹر عاشق کھوسو کی قیادت میں جلوس نکال کر مختلف راستوں پر مارچ کیا اور ٹھیکیدار کے خلاف نعریبازی کی، جلوس میں مختلف تنظیموں کے رہنماؤں اور علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،مظاہرین نے سندھ بلوچستان بارڈر پر دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ 2013ء میں روڈ کی ٹھیکہ منظور ہوا تھا لیکن اب 9 سال گذرنے کے باوجود بھی کام مکمل نہیں ہوا جس کی وجہ سے عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ٹھیکیدار صرف پتھر پھینک کر غائب ہوگیا ہے اورافسران کی ملی بھگت کرکے تمام فنڈز ہڑپ کرلیے گئے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ دلمراد مانجھی پور روڈ کا کام جلد مکمل کیا جائے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔
