سیاسی استحکام آئین سے ہی مشروط ہے حالیہ فیصلہ سے عوام کے اعتماد کی بحالی اور عدلیہ کے وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے۔چیئرمین قومی وطن پارٹی
پشاور(نمائندہ وصال احمد)اردو گلوبل میڈیا رپورٹ کے مطابق قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے سپریم کورٹ کی طرف سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ اور وزیر اعظم کی اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو غیر آئینی قرار دینے کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے جمہوریت اور آئین و قانون کی حکمرانی کا فتح قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سیاسی استحکام آئین سے ہی مشروط ہے اور حالیہ فیصلہ سے عوام کے اعتماد کی بحالی اور عدلیہ کے وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے۔وطن کور پشاور سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کوغیر آئینی قرار دینے سے حق کی فتح اوراپوزیشن اور جمہوریت پسندجماعتوں کے بیانیہ کو تقویت ملی ہے۔انھوں نے کہا کہ فیصلہ سے مستقبل میں جمہوریت اور جمہوری اداروں پرکوئی بھی شب خون مارنے کی جرات نہیں کرسکے گا۔انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی نے غیر جمہوری اور غیر آئینی طریقے سے قومی اسمبلی تحلیل کردی تھی۔آفتاب شیرپاؤ نے مزید کہا کہ سیاسی بحران کی بدولت ملک کواس وقت شدید معاشی بحران کا سامنا ہے اور روپے کی قدر میں مسلسل کمی تشویش ناک حد تک پہنچ چکی ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ ملک مزید بحرانوں اور انارکی کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا اسمبلی میں اکثریت رکھنے والی جماعتوں کو نیا وزیر اعظم منتخب کرنے سمیت ملک کی بھاگ ڈور سنھبالنے کا اختیار دیا جائے۔
