ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، ڈویژن میں ڈینگی سرویلینس سرگرمیوں پر تفصیلی غور، ڈویژن بھر میں صرف ایک کنفرم مریض ہے جو کراچی سے اوکاڑہ آیا، اجلاس کو بریفنگ۔ تمام ادارے ڈینگی سرویلینس کا کام جاری رکھیں۔ کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر آفس میں ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمشنر علی بہادر قاضی نے کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر صادق سلیم، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا اور اینٹمالوجسٹ صارفہ عاشق نے بھی شرکت کی۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ اینٹی ڈینگی سرگرمیوں میں معاشرے کے تمام طبقات کو شامل کریں اور انہیں آگہی بھی فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس موسم میں لاروا کی پرورش زیادہ تیزی سے ہوتی ہے اس لئے ڈینگی ٹیمیں اپنی سرگرمیوں میں تیزی لائیں۔ انہوں نے ٹائر شاپس، زیر تعمیر عمارتوں، پارک، قبرستان، جانوروں کیلئے پانی پینے والے برتن اور گملوں پر خصوصی توجہ دینے کی خصوصی ہدایت کی۔ انہوں نے موسم برسات تک اینٹی ڈینگی لاروا سرگرمیاں تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر صادق سلیم نے بتایا کہ اس سال ساہیوال ڈویژن میں صرف ایک کنفرم مریض رپورٹ ہوا ہے جو کراچی سے اوکاڑہ آیا تاہم اب وہ روبصحت ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں ڈینگی سرویلینس کی 1593ٹیمیں کام کر رہی ہیں جن میں 646ضلع ساہیوال،695ضلع اوکاڑہ اور 252ضلع پاک پتن میں روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی لاروا کی تلفی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال اب تک ساہیوال ڈویژن میں 37لاکھ63ہزار سے زائد گھروں اور ایک کروڑ سے زائد کنٹینرز کی چیکنگ کی جا چکی ہے اور یہ عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
