ساہیوال چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف: کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے ڈویژن میں موجود تمام قبرستانوں کی سیکورٹی بہتر بنانے کیلئے ہر قبرستان کی مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت قبرستانوں کی صفائی اور چار دیواری کی تعمیر یقینی بنا رہی ہے تاکہ قبروں کی بے حرمتی کے تکلیف دہ واقعات کو روکا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ قبرستانوں کیلئے چوکیدارہ نظام شروع کرے اور انہیں نشی افراد کی پناہ گاہ بننے سے روکے۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں قبرستانوں کی سیکورٹی سے متعلقہ امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد اویس ملک، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کیپٹن (ر) علی اعجاز، ڈپٹی کمشنر پاک پتن احمر سہیل کیفی، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر نبی دیوان، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو فضائل مدثر اور میونسپل افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں 2018 قبرستان ہیں جن میں 621ضلع ساہیوال859ضلع اوکاڑہ اور 538ضلع پاک پتن میں ہیں۔ ان تمام قبرستانوں کی بہتر دیکھ بھال کیلئے مقامی افراد پر مشتمل مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ کمشنر علی بہادر قاضی نے تمام بڑے قبرستانوں میں لائٹنگ کا نظام بہتر بنانے اور مستقل چوکیدار مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نشیٗ افراد قبرستانوں میں ٹھکانے نہ بنا سکیں اور ان کی بے حرمتی روکی جا سکے۔ انہوں نے اس سلسلے میں سول سوسائٹی اور مقامی بااثر افراد کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
