ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے میٹرک کے امتحانات کیلئے گورنمنٹ کامرس کالج میں قائم امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے امتحانی سنٹر پر سٹوڈنٹس کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امیدواروں کے بیٹھنے کیلئے ہوا دار کمرے، پینے کیلئے ٹھنڈا پانی اور مقامی پولیس کی طرف سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کی شفافیت اور مانیٹرنگ کیلئے جامع پلان ترتیب دیے جائیں اور طلبہ و طالبات کو امتحانات کے دوران سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔ اسی طرح اسسٹنٹ کمشنر صولت حیات وٹو نے بھی امتحانی سنٹر پر سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے گورنمنٹ گرلز کالج فرید ٹاؤن میں قائم امتحانی سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ امتحانی سنٹر کے اندر موبائل فون لانے سے گریز کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے امتحانی مراکز پر ڈیوٹی کرنے والے عملہ کو تلقین کی کہ وہ انتہائی ایمانداری، احتیاط اور بورڈ قوانین کے تحت ڈیوٹی سر انجام دیں۔
