ساہیوال ( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر ملک ندیم کامران کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک، اے ڈی سی آر عاصم سلیم کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ملک ارشد اور پارٹی عہدیداران اور ٹکٹ ہولڈرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائیریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو،ایکسین ہائی وے منصور حیدر بخاری، ایکسین بلڈنگ حافظ عبدالقادر، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری عبدالقیوم اور دوسرے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے ملک ندیم کامران نے سختی سے ہدایت کی کہ ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ عوام تک ان کے ثمرات جلد پہنچ سکیں۔ انہوں نے تمام افسران کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اب وہی آفیسر سیٹ پر رہے گا جو کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال شہر ہم سب کا شہر ہے اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈائیریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے اجلاس کو ضلع میں جاری منصوبوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ضلع ساہیوال میں 16.467ملین روپے کی لاگت سے 207 ڈویلپمنٹ سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 24پرانی اور41نئی سکیموں پر کام جاری ہے جن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی،ہیلتھ کیئر، سڑکوں کی تعمیرو مرمت،سکولوں میں اضافی کلاس رومز، پبلک بلڈنگ اور رورل ڈویلپمنٹ کی سکیمیں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 134واٹر فلٹریشن پلانٹس میں سے 119کو فنگشنل کر دیا گیا ہے اور اسی طرح ضلع ساہیوال میں سکولوں کی پرانی بلڈنگز کی نئے سرے سے تعمیر کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکولز میں مسنگ فسیلٹیز جن میں باونڈری وال، پینے کے پانی کی فراہمی، پلے گراونڈ، ٹوائلٹ اور فرنیچر وغیرہ شامل ہے کو 100فی صد مکمل کر لیا گیا ہے اور اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے بتایا کہ این اے 149 اور پی پی 201میں کمیونٹی ڈویلمپنٹ پروگرام کے تحت 20مختلف سکیموں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان سکیموں سے حلقے کے مختلف دیہات میں سیوریج کے منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حلقہ این اے 148میں 4اورحلقہ پی پی 202میں 9مختلف سکیموں پر کام جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد اویس ملک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسمنٹ پروگرام کے تحت جاری کاموں کو ترجیحی بنیادوں مکمل کیا جائے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکیمل سے عوام تک ان کے ثمرات پہنچ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کو یقینی بنائیں اور حائل رکاوٹوں کو باہمی رابطے بہتر بنا کر فوری دور کریں۔ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے بتایا کہ ساہیوال آرٹس کونسل کے جناح ہال میں ایئر کنڈیشنر لگا دیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ہال میں 791نئی چیئرز بھی لگا دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چوہدری عبدالقیوم نے بتایا کہ پنجاب حکومت 25کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ظفر علی سٹیڈیم میں سینتھٹک اتھلیٹکس ٹریک کی تعمیر شروع کر رہی ہے جس سے نوجوانوں کو اتھلیٹکس کی عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنے میں بڑی مدد ملے گی۔
