ضلع خیبر کے صحافیوں کا تمام سرکاری اور منتخب نمائندگان کے تقریبات سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان، خادم آفریدی کے گرفتاری میں ضلع خیبر کے منتخب نمائندوں اور افسران کا کردار قابل افسوس ہے۔
ضلع خیبر کے تینوں پریس کلبز صحافیوں کا جمرود باب خیبر کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ۔باڑہ پریس کلب کے صحافی خادم خان آفریدی کو فوری طور پر رہا کرنے اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ضلع خیبر کے تینوں پریس کلبوں کے صحافیوں نے جمرود باب خیبر کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے تحصیل باڑہ کے تحصیل چیئرمین مفتی کفیل، جمرود سے سید کبیر آفریدی،سماجی شخصیت شاکر آفریدی، خیبر یونین پاکستان و سیاسی اتحاد جنرل سیکرٹری زاہد اللہ، پی ٹی ایم عہدیداران نے شرکت کی، ضلع خیبر کے تینوں پریس کلبوں کے صحافیوں نے جمرود پریس کلب سے باب خیبر تک ہاتھوں میں بینرز اٹھائے احتجاجی واک اور احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ سی ٹی ڈی و ڈی پی او کے خلاف نعرے لگائے۔
صحافیوں نے علاقے کے منتخب نمائندوں ایم این ایز، ایم پی ایز اور سیاسی پارٹیوں کے کردار پر مایوسی کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے ساتھ نہ کوئی یکجہتی کی اور نہ ہی انکی کوئی آواز سنی۔ تینوں پریس کلبوں کے صحافیوں نے مشترکہ فیصلہ کیا کہ تمام سرکاری اور منتخب نمائندگان کے تقریبات سے اس وقت تک بائیکاٹ ہوگا جب تک صحافی خادم خان آفریدی کو رہا نہیں کیا جاتا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد، وزیر اعلی ہاوس، آئی جی پی خیبرپختونخوا کے دفتر اور دیگر اعلی شخصیات کے دفتروں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جبکہ اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ صحافیوں نے کہاکہ مزید قبائلی صحافیوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائیگی۔پاکستان کے تمام ادارے قبائلی صحافیوں کے قربانیوں کو تسلیم کریں انکو حقوق دے نہ کہ قبائلی صحافیوں کو اس طرح اٹھاکر ان پر تشدد کیا جائے اور انکو حراسہ کیا جائے۔
