جہلم (اختر شاہ عارف)جہلم شہر میں گزشتہ رات آٹھ بجے سے بجلی کی بندش،کم وولٹیج اور آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔جہلم ڈھوک جمعہ،ڈھوک عبداللہ،اسلام پورہ،سلطان پورہ غرضیکہ تقریباً سارے شہر میں بجلی کی یہ آوک جاوک جاری ہے۔ اہلیانِ جہلم گزشتہ ساری رات بجلی کی بندش،کم وولٹیج اور “بجلی آگئی،بجلی چلی گئی” کی باتیں کرتے،دستی پنکھی سے گرمی سے روتے بلکتے بچوں کو ہوا دے کر سلاتے اور واپڈا کی جان کو روتے ہوئے گذارنے پر مجبورہو گئے کئی ایک نے واپڈاآفس میں فون کر کے بجلی کے اس طویل اور بد ترین بریک ڈاؤن کے بارے میں صورت حال جاننے کی کوشش بھی کی مگر واپڈا آفس والوں نے ٹیلیفون ایک طرف رکھ کر یا فون نہ اٹھانے کی روایت برقرار رکھی۔بجلی کی اس بندش کے سبب پانی کی سپلائی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔فلٹر پلانٹس پر بھی پینے کے پانی کے حصول کے لیئے لمبی قطاریں لگی رہیں۔یوں لگ رہا ہے کہ ہم قرونِ اولیٰ کے یا پتھر کے زمانے میں آ گئے ہیں۔۔اس شدید گرمی میں بجلی کے بحران کی کوئی بھی وجہ ہو مگر حاکم وقت اس سنگین صورتحال کو”گزشتہ حکومت کی نااہلی”کہہ کر بری الزمہ نہیں ہو سکتا۔اس لیئے اربابِ اختیار و اقتدار سے گزارش ہے کہ اس مظلوم اور بے بس جو پہلے ہی مہنگائی اور مفلوک الحالی کے باعث مختلف مسائل کا شکار ہے اس پر رحم کھاتے ہوئے ان کی بنیادی ضروریات کا ضرور خیال کریں اور انہیں اپنی وہ بے زبان رعایا ہی سمجھ کر انہیں جینے کا حق دے دیں۔جو آپ کو ایوانِ اقتدار تک پہنچانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرتی۔
