جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم پولیس کانسٹیبل نے ٹرک ڈرائیور سے ساڑھے 8 ہزار روپے بٹورلئے، ڈرائیورز کونئے تعینات ہونے والے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کا خوف دلوا کر پیسے بٹورے گئے، غریب ٹرک ڈرائیور اللہ اور اس کے رسول کے واسطے دیتا رہا۔ غریب ٹرک ڈرائیور نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزعلی الصبح اولڈ جی ٹی روڈ پرانا پاسپورٹ دفتر کے قریب سیمنٹ سے لوڈ ٹرک جس کو محمد افضل ولد محمد اشرف چلا رہا تھا نے بتایا کہ پولیس کی گاڑی نمبری 29/JMG جس کو نعمان نام کا کانسٹیبل چلا رہا تھا، نے غلط طرف سے کراس کرنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں پولیس گاڑی کا بمپر ٹرک کے ساتھ لگا جس پرمیں نے ٹرک سے اتر کر پولیس کانسٹیبل کو احساس دلانے کی کوشش کی کہ آپ غلط سائیڈ سے کراس کر رہے ہیں جس پر وہ سیخ پا ہو گیااور وردی کا رعب ڈالتے ہوئے مجھے حراساں کرنا شروع کر دیا، اس طرح اس نے بھاری رقم کا مطالبہ کیا میرے منت سماجت کرنے پر نعمان نامی کانسٹیبل نے بتایا کہ شاید تمہیں معلوم نہیں کہ گزشتہ رات نئے ڈی پی او نے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور تمہیں 50 ہزار سے زائد کی رقم ادا کرنا پڑے گی، یہ سنتے ہی میرے اوسان خطا ہو گئے، اس طرح سڑ ک پر موجود لوگوں نے منت سماجت کرکے بڑی مشکل سے ساڑھے 8 ہزار روپے دلوائے، غریب ٹرک ڈرائیور نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل نے میرے ساتھ سخت زیادتی کی ہے،پولیس کانسٹیبل نے اپنی غلطی میرے کھاتے میں ڈال کر بلاوجہ ساڑھے 8 ہزار روپے وصول کئے ہیں، متاثرہ ڈرائیور نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کامران ممتاز سے مطالبہ کیاہے کہ میری رقم مجھے دلوائی جائے اور وردی کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے پولیس کانسٹیبل نعمان کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے۔ موقف جاننے کے لئے پولیس ترجمان احسن بٹ سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میری پولیس کانسٹیبل نعمان سے بات ہو گئی ہے وہ متاثرہ ڈرائیور کو رقم واپس کردیگا۔
