جہلم (اختر شاہ عارف)ملک بھر کی طرح جہلم بھی بجلی کے بد ترین بحران کا شکار ہے۔دن اور رات میں کسی بھی وقت بجلی گھنٹوں کے لیئے غائب رہنا ایک معمول بن چکا ہے۔اور اگر گھنٹوں بعد بجلی کچھ دیر کے لیئے آ بھی جائے تو وولٹیج اتنے کم ہوتے ہیں کہ نہ تو پنکھے چل سکتے ہیں اور نہ ہی ریفریجریٹرز کام کرتے ہیں۔لوگ اس شدید ترین گرمی میں ٹھنڈے پانی کو ترس کر رہ گئے ہیں۔بجلی کے بحران کی وجہ سے پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو چکی ہے۔فلٹریشن پلانٹس پر پانی کے حصول کے لیئے خواتین،بچوں اور مردوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہوتی ہیں۔بجلی کے اس بد ترین بحران کے ساتھ ساتھ مہنگائی کا طوفان بھی بے قابو ہو چکا ہے۔نہ کوئی روکنے والا اور نہ کوئی ٹوکنے والا۔ہر دکاندار اپنے من مانے ریٹس لگائے غریب عوام کا خون چوسنے میں مصروف ہے۔پیٹرول جس کا نرخ سرکاری طور پر کچھ اور ہے اور پیٹرول پمپس والے اپنے منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔اور پیٹرول کی سرکاری قیمت کی طرف توجہ دلانے پر انتہائی بد تمیزی پر اتر آتے ہیں۔جنگل کے بھی کوئی قانون قاعدے ہوں گے مگر یہاں تو لاقانونیت کی انتہا ہو چکی ہے۔”جس کے لاٹھی،اس کی بھینس”کے مصداق ہر کوئی اپنے اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہا ہے۔اور حکومتی وزراء اور اربابِ اختیار و اقتدار کو میڈیا پر آکر سوائے جھوٹے وعدوں اور مضحکہ خیز بیانات دینے سے ہی فرصت نہیں اگر وہ اپنے ایئر کنڈیشنڈ ایوان اقتدار اور ٹھنڈے ٹھار شبستانوں سے باہر نکل کر شدید گرمی میں پسینہ بہاتی ہوئی اپنی اس بے زبان رعایا کو دیکھنے کی زحمت گوارہ کر لیں،بجلی کے بحران سے تڑپتی ہوئی محنت کش مخلوق کو دیکھ پائیں اور مہنگائی کے عفریت کی شکار اس مظلوم عوام کو بھی جان لیں تو انہیں احساس ہو کہ ان کے”اقتدار،اقتدار”کے اس شرمناک کھیل نے اس بھوک ننگی جنتا کو بھوک اور افلاس کی اس سطح پر پہنچا دیا ہے۔جہاں گھر کا محنت کش سربراہ بھوک اور افلاس سے تنگ آکر اپنے بیوی بچوں کو اپنے ہاتھوں موت کی نیند سلا کر خود بھی پھندے پر لٹک جانے پر مجبور ہے۔۔صاحبان اختیار ، اربابِ اختیار اور تمام ذمہ داران کو مل کر انتہائی سنجیدگی کے ساتھ وطن عزیز پاکستان اور اس میں بسنے والوں کو درپیش مسائل اور بحرانوں کے حل کے لیئے ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔تاکہ پاکستان اور اہلیانِ پاکستانی ان سنگین مسائل کے گرداب سے نکل سکے۔
