جہلم(اختر شاہ عارف)جہلم بلدیہ کے ملازمین کی بیواؤں کو پینشن کے حصول میں خاصی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شاید ہی کبھی ایسا ہوا ہو گا۔کہ ان کو بر وقت پینشن کی ادائیگی ہو سکی ہو۔ستم کی بات تو یہ ہے کہ موجودہ نئی حکومت نے وفاقی اور صوبائی ملازمین کی پینشن میں جو دس فیصد اضافہ کیا تھا۔وہ بھی ابھی تک ان کو نہیں ملا جبکہ دیگر تمام اداروں کے پینشنرز یہ پینشن وصول کر چکے ہیں۔ ادراہ کوئی بھی ہو اس کا ملازم جب اپنی ملازمت کی مدت پوری کر چکا ہوتا ہے۔تو ان میں اکثریت ایسے افراد کی ہوتی ہے۔ جن کی جسمانی حالت ان کو مزید کوئی اور ذریعہ معاش تلاش کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔اور ان کی گزر بسر کا دارومدار صرف اور صرف پینشن پر ہی ہوتا ہے۔قانون کے مطابق جب کوئی ملازم دوران ملازمت فوت ہو جائے اور وہ شادی شدہ ہو تو اس کے واجبات اور پنشن کی حقدار عموماً اس کی بیوہ ہوتی ہے۔اب ایسی بیوہ جس کی اولاد جوان ہو کر شادیاں کر کے اپنے گھر بار کی ہو جائے اور ماں بیچاری بالکل تنہا رہ جائے اس کے پاس اپنا ذاتی گھر بھی نہ ہو۔ وہ کرائے کے مکان میں رہ رہی ہو تو اس کے معاشی سہارے کے لیئے واحد ذریعہ پینشن ہی رہ جاتا ہے۔اور اگر پینشن بھی اس کو بر وقت نہ ملے۔تو اس کو گزر بسر کے لیئے کتنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہو گا اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں جب ایک سروے کیا گیا۔تو سب نے یہی بتایا کہ ان کو پینشن ہر ماہ کی دس تاریخ کے بعد ملنا شروع ہوتی ہے اور بسا اوقات پندرہ تاریخ کے بعد بھی ملتی ہے انہوں نے اربابِ اختیار سے یہ مطالبہ کیا کہ انہیں بروقت اور نئے مہینے کے شروع میں ہی پینشن کی ادائیگی کے احکامات جاری کیئے جائیں۔تا کہ انہیں گزر بسر میں آسانی ہو
