

جہلم (اختر شاہ عارف)آج “فرینڈز آف ایدھی”کا ایک مشاورتی اجلاس ایدھی سنٹر جی ٹی ایس چوک جہلم زیرِ صدارت ڈاکٹر محمد اسد مرزا منعقد ہوا ۔جس میں ڈاکٹر محمد اسد مرزا، سیدہ شاہدہ شاہ ،مسز کرنل(ر) افضال ،عبدالغفور چوہان چیئرمین یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس ضلع جہلم ،ارشد محمود مبارک،آصف شفیق بٹ،مرزا ارشد ،چوہدری عبدالوحید،سید اختر علی شاہ اور غضنفر علی سینٹرل نگران ایدھی سنٹر جہلم نے شرکت کی۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی گئی۔اس کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے بتایا کہ جہلم شہر کے علاوہ ہمارے ایدھی سنٹرز تحصیل دینہ اور تحصیل سوہاوہ میں بھی چل رہے ہیں۔تحصیل دینہ کے سنٹر انچارج کو کچھ عرصے سے اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وہاں اپنے فرائض سر انجام دینے میں دشواری پیش آرہی ہے لہذا آپ لوگوں کی مشاورت کے ساتھ جلد ہی تحصیل دینہ میں نیا سنٹر انچارج تعینات کر دیا جائے گا۔جبکہ تحصیل سوہاوہ کا سنٹر وہاں کے سنٹر انچارج سعید احمد عرف چاچو کی ذیر نگرانی انتہائی کامیابی سے اچھے طریقے سے چل رہا ہے۔سعید احمد عرف چاچو بالکل عبد الستار ایدھی کے سے انداز میں وہاں کام کر رہے ہیں۔لاوارث لاشوں کی تجہیز و تکفین اور دیگر فلاحی کاموں میں بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔سوہاوہ کا یہ سنٹر بالکل تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ساتھ ہے۔سعید احمد عرف چاچو وہاں نہ صرف مریضوں اور ان کے ساتھ آئے ہوئے لوگوں کو بلکہ ہسپتال کے سارے عملے کو بھی کھانا مہیا کرتے ہیں۔جس پر تمام شرکاء نے تالیاں بجا کر سعید احمد عرف چاچو کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈاکڑ محمد اسد مرزا نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور آندھی کی وجہ سے ایدھی سنٹر کے بہت سارے بورڈز اور بینرز پھٹ گئے ہیں۔اس لیئے نئے بورڈز اور بینرز بنوانے کی ضرورت ہے ۔اور یہ سب کچھ ہمیں اپنی مدد آپ کے تحت کرنا ہے۔چنانچہ ڈاکٹر محمد اسد مرزا،سیدہ شاہدہ شاہ،مسز(ر)کرنل افضال،طارق بٹ(شوکت جنرل سٹور والے کے بھائی)اور مرزا ارشد نے ایک ایک بینر اپنی طرف سے بنوا کر دینے کا اعلان کیا ۔جبکہ عبد الغفور چوہان پہلے ہی یوتھ اسمبلی فار ہیومن رائٹس کے پلیٹ فارم سے عبدالستار ایدھی کے نام اور تصویر کے دو بینرز بنوا کر المرکزجہلم کو دے چکے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایدھی سنٹر میں پڑے ہوئے جھولے،ریفریجریٹر اور دیگر پرانے سامان کی مرمت وغیرہ کے لیئے عبدالغفور چوہان اور ایک اور صاحب نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ایک ہزار روپے کا عطیہ موقع پر ہی دے دیا۔ڈاکٹر محمد اسد نے بتایا ۔کہ۔پہلے ایدھی ایمبولینس سروس کا کرایہ 13-کلو میٹر تک دو سو روپے ہوا کرتا تھا ۔مگر اب پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث اتنے قلیل کرائے میں یہ سروس ممکن نہیں رہی۔اور کرائے میں اضافہ نا گزیر ہو چکا ہے۔چنانچہ تمام شرکاء کی مشاورت سے یہ طے پایا گیا کہ آئیندہ کے لیئے 13-کلومیٹر تک کے لیئے ایمبولینس سروس کا کرایہ پانچ سو روپے ہو گا اور اسکے بعد ہر فی کلومیٹر پر 40-روپے زائد کرایہ وصول کیا جائے گا۔ڈاکٹر محمد اسد مرزا نے شرکاء کو بتایا کہ گورنمنٹ کی ہدایت پر تمام ایدھی سنٹرز کے سٹاف کے لیئے مورخہ 28-جون2922ءبروز منگلوار فرسٹ ایڈ ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے۔جس میں ایدھی سنٹرز سٹاف کے ساتھ ساتھ عام آدمی بھی یہ ٹریننگ لے سکتا ہے۔اس سلسلے کی دوسری ٹریننگ مورخہ آٹھ جولائی 2022ءکو ہو گی۔آخر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی کے حوالے سے بتایا گیا۔کہ جو لوگ بھی ایدھی سنٹر کی وساطت سے جانوروں کی قربانی کرنا چاہتے ہیں تو وہ فی بکرا مبلغ 16000-روپے اور گائے میں حصہ ڈالنے کے لیئے مبلغ 10000-روپے جمع کروا دیں جبکہ سالم گائے کی قربانی کے لیئے مبلغ 70000-روپے جمع کروانے ہوں گے۔علاوہ ازیں قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کروانے اور دیگر معلومات کیلیئے ایدھی سنٹر جہلم کے اس فون نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے
0544-627289
آخر میں تمام شرکاء کی تواضع شاندار چائے پارٹی سے کی گئی۔جس کے بعد یہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔
