ٹریفک وارڈنز اور اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کا خصوصی اجلاس سے خطاب
پشاور(نمائندہ خصوصی)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ٹریفک لائن باچا خان چوک میں “پہلے سلام پھر کلام ” کی پالیسی سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز رحیم حسین ، ایس پی سٹی محمد سعید ، ڈی ایس پیز ، سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے سلام کلام کی پالیسی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک وارڈنز اور اہلکار شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ٹریفک عملہ ڈسپلن پر خصوصی عمل پیرا رہے ٹرن آوٹ اور ٹائم کی پابندی کا خاص خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس معظم جاہ انصاری اور چیف کیپیٹل پولیس محمد اعجاز خان کے ویژن کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس پشاور کو پورے صوبے کیلئے رول ماڈل بنائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام اور اہلکار شہریوں اور تاجروں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رکھیں اور انہیں سفری سہولیات کی فراہمی سمیت ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے پر آمادہ کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار تجاوزات کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد کلیئر کردہ ایریا پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ پھر کوئی تجاوزات قائم نہ کریں اور پلازوں میں پارکنگ کو یقینی بنائیں تاکہ شہری سڑک کنارے گاڑیاں نہ کھڑی کریں اور سڑکوں کی روانی متاثر نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں ہیلمٹ ، سیٹ بیلٹ ، کالے شیشوں والی گاڑیوں ، اوور لوڈنگ ، ون ویلنگ اور اوور سپیڈنگ سمیت دیگر جاری مہمات میں تیزی لائی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی اولین ترجیح ہے جس کو ہر صورت میں عملی جامہ پہنایا جائیگا۔ انہوں نے ٹریفک وارڈنز کو بھی ہدایت کی کہ وہ دوران سفر ڈرائیونگ اصولوں پر کاربند رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے قانون سے کوئی بالاتر نہیں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں جائیگی.
