جہلم(چوہدری عابد محمود +عامرکیانی)جہلم سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے فوائد عوام تک نہ پہنچ سکے۔ لاک ڈاؤن سے پریشان عوام کا مہنگائی سے بچا کچا نوالہ چھینا جارہاہے،فوائد غریب و نچلے طبقے تک پہنچانے کیلئے انتظامیہ کردار ادا کرے، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ،تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے فوائد سے مسافر محروم،سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی، گزشتہ ماہ انتظامیہ اور ٹرانسپورٹر کے مابین ہونے والے معاہدے پر بھی عملددرآمد نہ ہو سکا، ڈپٹی کمشنر کی طرف سے کرایہ نامہ ٹرانسپورٹرز نے ہوا میں اڑا دیا، سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نئے کرائے نامے کی پینا فلیکس آویزاں کروانے میں بھی ناکام، ٹرانسپورٹرز سابق کرایے وصو ل کرنے میں مصروف، ماسک، دستانے اور نہ ہی ہینڈ سینٹی ٹائز کا استعمال، جنرل بس اسٹینڈ سمیت بس سٹاپ پر جنگل کا قانون نافذ مسافروں کو بھیڑ بکریوں کی طرح گاڑیوں میں ٹھونس دیا جاتا ہے، سیکرٹری روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، موٹر وے پولیس ایس او پیز اور ڈپٹی کمشنر کی طرف سے جاری ہونے والے کرایے نامے پر عملدرآمد کروانے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، جنرل بس اسٹینڈ پر آنے والے مسافروں نے اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بااثر ٹرانسپورٹرز حکومتی احکامات ماننے سے انکاری ہیں ضلعی انتظامیہ نے کرایہ نامہ جاری کرکے ٹرانسپورٹرز اور مسافروں میں لڑائی جھگڑے شروع کروا دیئے ہیں مسافروں نے ڈپٹی کمشنر کے حکم پر جاری ہونے والے کرایے نامے جیبوں میں ڈال رکھے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا تھا کہ کرایے نامے جاری کرنا ہماری قانونی مجبوری ہے،آپ کا جو جی چاہے کرایہ وصول کریں، لہذا انتظامیہ نہ تو ہمارے خلاف کسی قسم کی کارروائی کر سکتی ہے اور نہ ہی جاری کئے گئے کرایے نامے پر عملدرآمد کروا سکتی ہے، مسافروں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو فٹ بال بنا رکھا ہے، ٹرانسپورٹرز من مرضی کے کرایے وصول کرکے شہریوں کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں، گزشتہ 3 ماہ کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کی گئی لیکن انتظامیہ مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتی ہے،جوکہ سوالیہ نشان ہے، مسافروں کا کہنا تھا کہ اگر انتظامیہ جاری کئے گئے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد نہ کرواسکی تو حصول انصاف کے لئے عدالت کے دروازے پر دستک دی جائیگی تاکہ ٹرانسپورٹرز ضلعی حکومت کے مقررہ کردہ کرایے ناموں کے مطابق کرایہ وصول کریں۔
