جہلم(اختر شاہ عارف) عیدالاضحی سے ایک دن پہلے حکومت وقت نے غربت و افلاس میں ڈوبی ہوئی عوام کو جہلم کی عوام کو بجلی کی غیر اعلانیہ اور غیر ضروری بندش کا وہ”تحفہ”دیا ہے جس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔اس حکومت کو عنان حکومت سنبھالے ابھی کم و بیش تین ماہ ہی ہوئے ہوں گے کہ بجلی کی طویل ترین بندش،مہنگائی کی بد ترین لہر اور مختلف قسم کے بحرانوں نے پاکستان کو مسائل کی اس دلدل میں دھکیل دیا ہے۔جن سے نکلنا بظاہر نا ممکن لگ رہا ہے۔یوں لگتا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی عوام پتھر کے اس دور میں چلی گئی ہے۔جہاں سہولیات زندگی نا پید ہو چکی ہیں۔صبح عید الاضحی ہے اور بجلی گزشت چار گھنٹوں سے بند ہے۔اب رات کے ساڑھے دس بج رہے ہیں۔ گھڑی کی سوئیاں آگے کی طرف رواں دواں ہیں۔وقت تیزی سے گذرتا چلا جا رہا ہے۔مگر بجلی کی آمد کا دور دور تک کوئی پتہ نہیں۔حاکم وقت اور ان کے پالتو حاشیہ بردار اس شدید ترین گرمی میں بھی پتلون کوٹ میں ملبوس، ٹائیاں لگائے ٹھنڈے ٹھار شبستانوں اور ایئر کنڈیشنڈ ایوان اقتدار میں بیٹھے اپنی نالائیقیوں اور نا اہلیوں کا بوجھ گزشتہ حکومت پر ڈال کر اپنے اقتدار کے”ڈنگ ٹپا” رہے ہیں۔اور عوام مسائل کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں ۔ارباب اختیار واقتدار نجانے کن مصلحتوں کے تحت خاموش تماشائی بنے یہ سب کچھ دیکھ رہے ہیں ۔ہر سچ بولنے والے کو پابند سلاسل کیا جارہا ہے۔ہر حقیقت بیان کرنے والے پر مقدمات بنائے جا رہے ہیں ۔ان پر قاتلانہ حملے ہو رہےہیں ۔جنگل کے بھی کوئی قانون قاعدے ہوں گے۔مگر پاکستان میں تو لگتا ہے کوئی قانون قاعدہ ہی نہیں ہے۔ہم سب صاحبان اقتدار و اختیار سے دست بستہ درخواست کرتے ہیں کہ خدا را پاکستان کو ان بحرانوں سے نکالنے کے لیئے اپنی اپنی زمہ داریوں کا احساس کریں۔کہ میرے ملک پر چھائے ہوئے مسائل کے آسیب سے چھٹکارا پایا جا سکے ۔اللہ پاک میرے پیارے وطن پاکستان کا حامی و ناصر ہو ۔
پاکستان زندہ و پائیندہ باد
