یومِ آزادی کے حوالے سے المرکزجہلم میں ہونے والی تقریب کے سلسلے میں ایک مشاورتی اجلاس

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف)14-اگست یوم آزادی کے حوالے سے المرکزجہلم میں ہونے والی شاندار تقریب کے حوالے سے آج کیمونٹی ڈیویلپمنٹ کونسل رجسٹرڈ المرکزجہلم کا ایک مشاورتی اجلاس کمیٹی روم المرکزجہلم میں زیرِ صدارت چوہدری جاوید اقبال منعقد ہوا۔جس میں یوم آزادی کے حوالے سے ہونے والی شاندار تقریب کو حتمی شکل دے دی گئی ۔اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کی سعادت کرنل(ر) محمد عبید مرزا نے حاصل کی۔اس کے بعد سید اختر علی شاہ نے ہدیہ نعت رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم پیش کیا ۔اس کے بعد تمام شرکاء نے مل کر قومی ترانہ پیش کیا ۔قومی ترانے کے بعد اجلاس کا باقاعدہ آغاز ہوا۔سب سے پہلے محمد امین میر نے حال ہی میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہید ہونے والے اعلیٰ فوجی افسران اور دیگر جان نثاران وطن کے لیئے دعائے مغفرت کی۔اس کے ساتھ ساتھ تمام مرحومین کے لیئے دعائے مغفرت اور تمام بیماروں کی صحت یابی کیلئے دعا کرائی گئی۔اس کے بعد سی ڈی سی المرکزجہلم کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شاہد تنویر سابق ای ڈی او ہیلتھ جو اپنی بیگم ڈاکٹر شہناز شاہد کے ہمراہ حال ہی میں امریکہ سے تقریباً سات ہفتوں کے تفریحی دورے سے واپس لوٹے ہیں انہیں خوش آمدید کہا گیا۔اور ان کے اعزاز میں ایک شاندار چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ساتھ ہی ان جو 14-اگست کو ہونے والے پروگرام میں ہونے والے پروگرام کے متعلق مکمل بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ 14-اگست 2022ءبروز اتوار صبح ٹھیک ساڑھے دس بجے المرکزجہلم میں پرچم کشائی ہو گی۔جس کے بعد مل کر قومی ترانہ پڑھا جائے گا۔جس کے بعد الحقیق ہال المرکزجہلم میں یوم آزادی کے حوالے سے تقریب شروع ہو جائے گی۔اس تقریب میں مقررین یومِ آزادی کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان عظیم لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کریں گے ۔جنہوں نے اس وطن عزیز کے حصول کے لیئے جان، مال اور ہر طرح کی قربانیاں دے کر یہ وطن عزیز پاکستان ایک گرانقدر تحفے کی صورت میں ہمیں دیا۔اس تقریب میں سکول کے بچوں کی شرکت کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔تاکہ ہماری آنے والی نسلیں یہ جان سکیں۔کہ ہمارے اس پیارے وطن پاکستان کے لیئے ہمارے آباؤ اجداد نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء کو پرتکلف چائے پارٹی دی گئی۔جس کے بعد یہ مشاورتی اجلاس اختتام پذیر ہو گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں