ساہیوال چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف: کمشنر ساہیوال ڈویژن سلوت سعید نے کہا ہے کہ زندہ قومیں اپنا یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ مناتی ہیں کہ وہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گی۔ آرٹ اور کلچر کسی بھی معاشرے کی پہچان ہے اور ہمیں بھی اظہار کے ان ذریعوں سے دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات ساہیوال آرٹس کونسل میں یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں تصویری نمائش “پاکستان کے رنگ” کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس میں ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز الیاس اکبر سگھلہ، محمد اکرم جوئیہ کے علاوہ میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں اصغر مغل، عبدالمتین، غلام مصطفی، فاطمہ حسین اور صدف طارق کے فن پارے رکھے گئے تھے جن میں کمشنر سلوت سعید نے گہری دلچسپی لی اور پاکستان کے مختلف خطوں کی عکاسی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کا ایک دن غلامی کے سو سال سے بہترہے اس لئے ہم سب کو اپنی آزادی کے تحفظ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی ان تقریبات میں نوجوان نسل کو بھی شریک کیا جارہا ہے اور سکولوں اور کالجوں میں مختلف تقریبات کے ذریعے انہیں پاکستان کے حصول کیلئے دی گئی قربانیوں کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی کیلئے انہیں ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔
