تاجروں نے نشئی افراد کو روزگار فراہمی کا بیڑا اٹھا لیا

Spread the love

صدر تاجر انصاف شاہد خان نے صحتیاب 65 افراد کو روزگار فراہمی کی ذمہ داری قبول کرلی.

پشاور(نمائندہ قائم علی شاہ)اردو گلوبل میڈیا یورپ کے مطابق پشاور کے تاجروں نے نشئی افراد کو روزگار فراہمی کا بیڑا اٹھا لیا۔ اس سلسلے میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان‘ اے ڈی سی پشاور احتشام الحق‘ صدر تاجر انصاف شاہد خان‘ ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر حبیب اللہ زاہد‘ کار ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر بخت منیر اور فہد فلور ملز کے مالکان اور مختلف بازاروں کے صدور نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تاجروں کو نشے کے عادی افراد کے علاج معالجے‘ سہولیات کی فراہمی اور دیگر امور بارے آگاہ کیا اور کہا کہ 25 اگست کو پشاور کے مختلف بحالی مراکز میں زیر علاج نشے سے صحت یاب 1200 افراد اپنے گھروں کو چلیں جائیں گے جس کے بعد 28 اگست کو پشاور کی سڑکوں پر موجود 700 کے قریب نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لیکر ان کو بحالی مراکز منتقل کر دیا جائے گا جس سے پورا پشاور نشے کے عادی افراد سے مکمل صاف ہوجائے گا۔ اس دوران صدر تاجر انصاف شاہد خان نے شہر میں نشئی افراد کے خلاف جاری مہم پر صوبائی حکومت‘ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان‘ کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود‘ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان اور دیگر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر تاجر انصاف شاہد خان نے اجلاس کے دوران 65 افراد کو روزگار فراہمی کی ذمہ داری قبول کرلی اور کہا کہ وہ شہر کے مختلف ہوٹلز‘ کار ڈیلر ایسوسی ایشن اور فلور ملز میں ایڈجسٹ کریں گے جس کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جن کو جلد روزگار فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر انصاف اور شہر کی تاجر برادری صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کو جاری رکھے گی اور حکومت و انتظامیہ کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں