پرائیویٹ ہسپتال یا مذبح خانے ؟؟

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف) پرائیویٹ ہسپتال پیسے بنانے کی مشین اور مذبح خانے بن چکے ہیں۔جہاں پر مریضوں کو الٹی چھری سے ذبح کیا جاتاہے۔بہت سے نجی ہسپتالوں کی عمارتیں تو شاندار،وسیع و عریض اور رقبے کے لحاظ سے انتہائی لمبی چوڑی ہوتی ہیں ۔مگر وہاں پر نرسنگ سٹاف اور دیگر طبی عملہ انتہائی نا تجربہ کار ہوتا ہے۔کوالیفائیڈ ڈاکٹر بھی بس ایک آدھ ہی ہوتا ہے ۔جو بیک وقت کئی نجی ہسپتالوں میں دو دو تین تین گھنٹے وقت دیتا ہے۔گزشتہ دنوں ایک تقریباً سوا دو یا ڈھائی سالہ بچے محمد حارث کو جو کہ بلال ٹاؤن جہلم کا رہائشی تھا اسے پیٹ درد کی تکلیف ہوئی۔تکلیف کی شدت کے پیشِ نظر اسے نزدیک ترین ایک نجی ہسپتال میں لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹر نے تشخیص کر کے بتایا کہ بچے کو ہیضہ ہے چنانچہ ڈاکٹر کے مشورے پر اسے ڈرپ لگا دی گئی ۔ڈاکٹر نے بچے کے لواحقین کو بتایا کہ اس ڈرپ کا دورانیہ شام چھے بجے تک کا ہے لہذا وہ چھے بجے آکر دوبارہ چیک کرے گا ۔یہ کہہ کر ڈاکٹر چلا گیا ۔کچھ دیر کے بعد بچے کی طبیعت اچانک بگڑنا شروع ہو گئی اور اسکے ناخن سیاہ ہونے شروع ہوگئے ۔وہاں ہر موجود ان ٹرینڈ طبی عملے کو سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ وہ کیا کریں چنانچہ ڈاکٹر کو کال کر کے اسے فوری طور پر آنے کو کہا گیا۔ مگر ڈاکٹر نے سنی ان سنی کر کے فون بند کر دیا۔شام چھے بجے جب وہ روٹین کے مطابق ہسپتال پہنچا تو سوا دو ڈھائی سالہ محمد حارث کو فوت ہوئے دو گھنٹے ہو چکے تھے۔یوں نجی ہسپتال کے ڈاکٹر کی لاپرواہی اور وہاں کے ان ٹرینڈ طبی عملے کی بدولت ایک ہنستے مسکراتے گھرانے کا اکلوتا بیٹا محمد حارث جس کے ابھی کھیلنے کھلانے کے دن تھے۔وہ اتنی کم سنی میں ہی موت کی ابدی نیند سو گیا۔
یہ کوئی اکلوتا سانحہ نہیں ہے بلکہ روزانہ ایسے سانحات ہوتے رہتے ہیں ۔سرکاری ہسپتالوں میں بھی اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں بھی ۔مگر جہاں ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ طبی خدمات اور نیک نیتی سے مریض کے لیئے گئے علاج کے باوجود مریض جان کی بازی ہار جائیں ۔ تووہاں مریض کے لواحقین اسے نوشتہ تقدیر سمجھ کر رو پیٹ کر صبر کر لیتے ہیں۔مگر جہاں ڈاکٹر قصاب بن کر اور پیسہ بنانے والے مشین بن کر اپنے پیشے کو پس پشت ڈالتے ہوئے مریضوں کے علاج میں کوتاہی برتنا شروع کر دیں ،انہیں کند چھری سے ذبح کرنا شروع کر دیں۔تو پھر وہ مسیحا نہیں رہتے بلکہ موت کے ہرکارے بن جاتے ہیں۔ ضروت اس امر کی ہے کہ متعلقہ ادارے ایسے تمام پرائیویٹ ہسپتالوں کا نوٹس لیں۔جہاں ایسے قصاب نما ڈاکٹرز اور نا تجربہ کار عملہ انسانی جانوں سے کھیل رہا ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں