جیکب آباد(نامہ نگار) گڑہی خیرو میں سیلاب کی تباہ کاریوں کو 10 روز گذر گئے لیکن شہر کی بجلی بحال نہ ہو سکی، گرڈ اسٹیشن پانی میں ڈوبا ہوا، پی ٹی سی ایل اور تمام موبائل نیٹ ورک بھی بند، صوبائی حکومت سے مدد کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے علاقے میں ہونے والی بدترین تباہی کو 10 روز گذر جانے کے باوجود گڑہی خیرو شہر کی بجلی تا حال بحال نہیں ہو سکی ہے، سیپکو انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کی مسلسل کوششوں کے باوجود گرڈ اسٹیشن میں ابھی تک گھٹنوں تک پانی موجود ہونے کی وجہ سے بجلی کی بحالی تاحال ممکن نہ ہو سکی ہے، دوسری جانب پی ٹی سی ایل اور موبائل نیٹ ورک بھی گذشتہ 12 روز سے مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں کا ملک کے دیگر حصوں سے مواصلاتی رابطہ بھی مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے، پی ٹی سی ایل اور انٹرنیٹ کی سہولت معطل ہونے کی وجہ سے بینکوں اور میڈیا کے نمائندوں کو رپورٹنگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کے سیاسی سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گرڈ اسٹیشن سے نکاسی آب کے عمل کو تیز کرکے بجلی کی فراہمی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے، پی ٹی سی ایل اور موبائل نیٹ ورک بھی بحال کیے جائیں تاکہ یہاں کے عوام کا ملک کے دیگر حصوں اور دنیا بھر سے مواصلاتی رابطہ بھی بحال ہو سکے۔
