جہلم (اختر شاہ عارف) سندھ ڈوب گیا ہے مگر بھٹو اب بھی ذندہ ہے۔ایک سندھ ہی کیا تقریباً پورا پاکستان ہی سیلابی ریلوں کی ذد میں ہے۔کیا سندھ ،کیا بلوچستان ،کیا خیبر پختونخواہ اورکیا پنجاب،غرضیکہ پورے کے پورے پاکستان میں ہا ہا کار مچی ہوئی ہے۔ہزاروں کی تعداد میں گھر بار اور عمارتیں زمین بوس ہو کر سیلابی ریلوں میں بہہ گئی ہیں۔لاکھوں لوگ پانیوں کے منہ ذور بہاؤ میں بہہ کر زندگی کی بازی ہار چکے ہیں ۔مال مویشی ،ڈھور ڈنگر،گاڑیاں بسیں اور دیگر مال و اسباب پانی کے تیز و تند بہاؤ میں بہہ کر لاپتہ ہو چکا ہے۔لوگ اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھائے گھٹنوں گھٹنوں اور سینے سینے تک گہرے پانی میں سے گزر کر انہیں ان کی منزل آخرت پہنچانے کی جدو جہد کر رہے ہیں۔ بے گھر افراد بھوکے پیاسے ریلوے اسٹیشنوں اور اونچی اونچی جگہوں پر کھلے آسمان تلے بےیارومددگار پڑےہوئے کسی مسیحا کے منتظر ہیں۔نظام زندگی مکمل طور مفلوج ہو چکا ہے۔مگر بے حس اور سفاک صاحبان اقتدار بیانات اور فوٹو سیشن کی حد تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔کسی کے پاس اتنا وقت ہی نہیں۔کہ وہ ان کھلے آسمان تلے بےیارومددگار اور بھوکے پیاسے آدم ذادوں کے پاس جا کر ان کے دکھ درد کا مداوا کر سکے۔ان کے زخموں کا اندمال کر سکے۔انیہں تسلی و تشفی دے سکے۔لے دے کے افواج پاکستان ہے۔یا پھر فلاحی وسماجی تنظیمیں۔جو دن رات ان لوگوں کے لیئے کھانے پینے کا بندو بست کر رہی ہیں۔رہنے کے لیئے خیمے،بیماروں کو علاج معالجے کی سہولیات اور سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کو لانچوں، کشتیوں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے محفوظ مقامات پر پہنچانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہیں ۔
یہ آفت آب اگرچہ آسمانی ہے۔اور قدرتی آفات کے سامنے انسان بے بس ہوتا ہے ۔لیکن ان ناقابلِ تلافی جانی اور مالی نقصانات کے حوالے سے صاحبانِ اقتدار کو کسی صورت میں بھی بری الزمہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔کرہ ارض پر بہت سے ایسے ممالک بھی ہیں۔جہاں اس سے بھی زیادہ بارشیں ہوتی ہیں ۔جانی و مالی نقصانات وہاں بھی ہوتے ہیں۔مگر وہاں کے صاحبان اقتدار و اختیار اس حد تک غیر ذمہ داری،بے حسی،بے حمیتی اور خود غرضی کا نہیں مظاہرہ نہیں کرتے جتنا پاکستان میں کیا جاتا ہے۔وہ آنے والے برے وقت سے نمٹنے کیلئے وقت سے پہلے مکمل اور جامع منصوبہ بندی کر لیتے ہی کہ وہ اپنی عوام کے خیر خواہ اور اپنے ملک کے وفادار ہوتے ہیں۔مگر یہاں تو ایسے مردہ پرست لوگ آباد ہیں۔جو مدتوں پہلے مر جانے شخص کو آج بھی ذندہ رکھ کر اس کے نام کی آڑ میں ایوان اقتدار میں پہنچ کر اپنی تجوریاں تو بھر لیتے ہیں۔مگر پورے صوبے کو،پورے ملک کو غربت اور پسماندگی کی اس دلدل میں دھکیل دیا کرتے ہیں ۔ کہ جہاں وہ نسل درنسل ان کے غلام بن جاتے ہیں۔اور شاید قیامت تک انکے نصیبوں میں غلامی ہی لکھ دی جاتی ہے۔۔
کاش اس بے شعور عوام کا شعور جاگ جائے۔اور وہ یہ جان جائیں کہ ان کے ووٹوں سے ایوان اقتدار میں پہنچنے والے ان کے آقا نہیں بلکہ وہ خادم ہیں۔جن کا اقتدار محض اس بھوکی ننگی جنتا کا مرہون منت ہے۔اور جس دن ایسا ہو گیا۔اس دن پاکستان کی تقدیر بھی بدل جائے گی۔
ان شاءاللہ تعالیٰ۔۔
