ساہیوال( چوہدری محمد آ صف ندیم آرائیں ڈویژنل بیوروچیف )ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے شعبہ گائناکالوجی کے زیر اہتمام خصوصی لیکچر کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ڈاکٹرز اور مریضوں کے مابین ایک باہمی اعتماد کی فضاء قائم کرنا تھا۔ تقریب کا اہتمام ہیڈ آف گائنی ڈیپارٹمنٹ پروفیسر ڈاکٹر صفیہ اظہار نے کیا جبکہ ڈاکٹر شگفتہ نے پی آئی ایم اے کی نمائندگی کی۔ لیکچر میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ڈاکٹرز کو مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر صفیہ اظہار نے اپنےخطاب میں کہا کہ مریض کی آدھی بیماری ڈاکٹر کی توجہ اور ہمدردانہ رویے سے ہی دور ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر اور مریض کا رشتہ صحت کی دیکھ بھال اور دوا کی مشق کا مرکزی حصہ ہے اور یہ رشتہ تب بنتا ہے جب ایک ڈاکٹر مریض کی طبی و نفسیاتی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رشتے میں باہمی اعتماد کا پہلو بہت ضروری ہے ڈاکٹر مریض پر بھروسہ کرتا ہے کہ وہ کسی بھی ایسی معلومات کو ظاہر کرے جو کیس سے متعلق ہو اور اس کے نتیجے میں مریض ڈاکٹر پر اعتماد کرتا ہے کہ وہ ان کی رازداری کا احترام کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریض کی صحت کی دیکھ بھال کے معیار کو بلند رکھنے کے لئے ڈاکٹر اور مریض کے درمیان اچھے تعلق کا ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مریضوں اور انکے لواحقین سے نہ صرف اچھا سلوک روا رکھا جائے بلکہ پوری دیانتداری اور نیک نیتی سے انکے علاج معالجہ کی طرف توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بھی ہمیں باہمی اخوت و بھائی چارے کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخلاقیات کا تقاضا ہے کہ ڈاکٹرز کے آپس میں تعلقات بھی بہترین ہوں اور باہمی اخوت و یگانگت کو فروغ دیا جا سکے۔ لیکچر میں شعبہ گائنی کے ڈاکٹرز، فیکلٹی ممبران، جونیئر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
