جہلم (اختر شاہ عارف)سنا تھا کہ کلرک طبقہ جس محکمے کا بھی ہووہ بادشاہ وقت ہوا کرتاہے۔اور اپنے دفتر میں ہر آنے والے سائل کو ایک جائز کام کے لیئے بھی اپنی انا کی تسکین اور اپنی بادشاہت کا احساس دلانے کے لیئے اپنے دفاتر کے دس دس چکر لگوانا ضروری سمجھتا ہے۔مگر جب کسی بھی محکماتی عملے سے واسطہ پڑا تو پتہ چلا کہ ایک کلاس فور سے لے کر افسران بالا تک سب کے سب وہ فرعون وقت ہوتے ہیں۔جو سائیلین سے اس حد تک حقارت اور بد تمیزی سے پیش آتے ہیں۔کہ جیسے اخلاقیات انہیں چھو کر بھی نہیں گزری۔کلرک بادشاہ تو بیچارے ویسے ہی بدنام ہوتے ہیں۔یہ فرعونی رویہ رکھنے والے صاحبان اختیار تو ان سے بھی کئی ہاتھ آگے ہیں۔ایک سروے کے مطابق ہر محکمے کا تقریباً نوے فیصد عملہ آفس ٹائم سے لیٹ آتا ہے۔دفاتر میں آنے کے بعد بھی ماتحت عملہ اپنے فرائض منصبی سے زیادہ نجی کام نمٹانے کو زیادہ ترجیح دیتا ہے۔یہی وجہ ہوتی ہے۔کہ سائل بیچارہ رل جاتاہے۔کیونکہ وہ جب بھی اپنا کوئی مسلئہ لے کر کسی بھی دفتر جاتاہے تو کبھی اسے یہ سننے کو ملتا ہے کہ مطلوبہ بندہ یا کلرک بادشاہ سیٹ پر نہیں ہے آپ کل آئیں اور کبھی اسے یہ بتایا جاتا ہے کہ”صاحب”آج چھٹی پر ہیں۔یوں سائل بیچارہ”آج کل”آج کل”کے چکر میں ناصرف اپنا قیمتی وقت ضائع کرتا رہتا ہے۔بلکہ اس کا جس ہنگامی نوعیت کا کام ہوتا ہے وہ بھی متاثر ہوتا ہے اور کھٹائی میں پڑ جاتاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام دفتری عملے کو نہ صرف وقت کی پابندی کے سختی سے احکامات جاری کیئے جائیں۔بلکہ ہر سرکاری،نیم سرکاری اور غیر سرکاری محکموں کے کلاس فور سے لے کر افسران بالا تک تمام سٹاف کو سختی سے یہ ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ آنے والے تمام سائلین سے اخلاق اور عزت سے پیش آئیں۔اس طرح ہر محکمے کا وقار بھی بڑھے گا اور اور سائلین کے مسائل بھی کم ہوں گے۔
