بجلی،گیس اور ٹیلیفون کے بلز میں نیا فراڈ

Spread the love

جہلم(اختر شاہ عارف)موجودہ حکومت کا غربت و افلاس کی چکی میں پستی ہوئی عوام کا خون نچوڑ کر ابھی جی نہیں بھرا تھا۔کہ مختلف محکموں اور اداروں کو یہ اختیار دے دیا گیا ہے ۔کہ اس بدنصیب عوام کی رگوں میں جو باقی ماندہ لہو رہ گیا ہے۔یہ ڈریکولا کے جانشین محکمے ان کی شریانوں سے یہ خون بھی چوس لیں۔ان خون آشام محکموں میں محکمہ واپڈا ،محکمہ ٹیلیفون اور محکمہ گیس سر فہرست ہیں۔ان محکموں نے مختلف ٹیکسز لگا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ تو ڈالا ہی تھا۔مگر اب ان محکموں نے عوام کی جیبیں کاٹنے کا ایک نیا طریقہ نکالا ہے۔وہ یہ کہ بجلی،گیس اور ٹیلیفون کے بلز مقررہ تاریخ تک نہیں بھجوائے جاتے۔اور جب ان کے دفاتر میں جا کر بلز کا تقاضا کیا جاتا ہے تو یہی گولی دے کر ٹال دیا جاتا ہے ۔کہ آپ کو بلز آج کل میں بجھوا دیئے جائیں گے۔اور پھر یہ “آج کل” “آج کل”کرتے کرتے مقررہ تاریخ کے بعد بل بجھوا دیا جاتاہے۔جو غربت و افلاس کی چکی میں پستی ہوئی عوام کو بمعہ جرمانہ بلز ادا کرنے پڑتے ہیں۔جو لوگ ان محکموں میں جا سکتے ہیں۔وہ تو آخری تاریخ کو ان دفاتر میں جا کر بلز کی کاپیاں نکلوا کر آخری تاریخ کو بلز جمع کروا دیتے ہیں۔مگر جو لوگ بیچارے کسی وجہ سے ان دفاتر کے چکر نہیں لگا سکتے۔وہ بمعہ جرمانہ بلز جمع کروانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔اور یوں ان بلز پر لگائے گئے ظالمانہ ٹیکسز کے علاوہ جرمانے کی رقم حکومتی خزانے میں جمع کروا دیتے ہیں۔یوں غریب عوام کی خون پسینے کی کمائی ٹیکسز اور جرمانے کی صورت میں حکومتی اداروں اور محکموں کے اللوں تللوں میں اڑا دی جاتی ہے۔افسوس اور شرم کی بات تو یہ ہوتی ہے۔کہ ان محکموں کے افسران بالا تک یہ شکایات پہنچانے کے باوجود شنوائی نہیں ہوتی۔علاوہ ازیں دفتری اوقات مقرر ہونے کے باوجود کسی بھی محکمے اور ادارے میں ایک جونئیر سے لیکر سینیئر تک سب کے سب دفتری اوقات سے اکثر دیر سے آتے ہیں۔کاش کوئی ایسا نظام نافذ العمل ہو جائے کہ ایک تو یہ “دفتری بابو” وقت پر اپنے اپنے دفاتر میں آیا کریں ۔اور دوسرے تمام یوٹیلیٹی بلز بر وقت بجھوا دیئے جائیں ۔تا کہ جرمانے کی مد میں جو فالتو رقم ان محکموں اور اداروں کی جیب میں چلی جاتی ہے ۔اس سے عوام کو چھٹکارا مل سکے۔اگر ایسا ہو گیا کہ ہر محکمہ اور ادارہ خلوصِ نیت سے کام کرنے لگا ۔تو پھر ان شاءاللہ تعالیٰ پاکستان دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرے گا ۔
اللہ پاک میرے پیارے وطن پاکستان کا حامی و ناصر ہو ۔
آمین یارب العالمین ۔
پاکستان زندہ و پائیندہ باد ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں