جہلم(اختر شاہ عارف)اس وقت تقریباً پورا پاکستان سیلاب کے پانیوں میں گھرا ہوا ہے۔بیحس اور احساس سے عاری حکمرانوں کو ایوانِ اقتدار میں پہنچانے والی عوام سیلابوں ریلوں میں گھری ہوئی بے یار و مددگار کھلے آسمان تلے بھوکی پیاسی اپنے ان سفاک ترین حکمرانوں کی راہ تک رہی ہے۔جنہوں نے ان کی قسمت بدلنے کے “وعدے وعید”کیئے تھے۔ان مجہور و مقہور، بھوک و افلاس کے مارے ہوئے لوگوں کے گھر تباہ و برباد ہو چکےہیں۔ان کی فصیلیں سیلابی ریلوں کی نظر ہو چکی ہیں ۔ان کے مال مویشی ،ڈھور ڈنگر،گھر بار سب کچھ تباہ و برباد ہو چکا ہے ۔اور وہ گہرے پانیوں میں گھرے ہوئے،تباہ شدہ مکانوں کے ملبوں پر بیٹھے بھوکے پیاسے اپنے ان”حکمرانوں کی راہ تک رہےہیں۔جنہوں نے ان سے ووٹوں کے بدلے ان کو ہر قسم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے سنہرے خواب دکھلائے تھے۔مگر ان کے” ان داتا”ایوانِ اقتدار کے شبستانوں میں پہنچ کر انہیں یوں بھول گئے۔جیسے جانتے ہی نہ تھے۔وہ ٹائی سوٹ پہنے،مرغن غذائیں حلق تک ٹھونسنے رہے۔امداد کے نام پر بیرون ملک “ہر تعیش دورے کرتے رہے۔اور بیرون ملک سے ملنے والی غریبوں کے نام پر ملنے والی امداد غبن کرتے رہے۔اور یہ بھوکی ننگی جنتا بھوک سے،پیاس سے،طرح طرح کے پھوٹ پڑنے والے وبائی امراض سے مرتی رہی۔لوگ اپنے پیاروں کے لاشے اٹھائے گہرے سیلابی پانیوں میں سے گزر کر انہیں ان کی آخری منزل تک پہنچاتے رہے۔مگر ان سفاک ترین حکمرانوں کو ایک بار بھی توفیق نہ ہوئی کہ وہ بھوکی پیاسی ،سیلاب میں گھری ہوئی اور طرح طرح کے وبائی امراض کے شکار عوام کو جا کر طفل تسلی ہی دے سکتے۔اگر ملک بھر کی فلاحی تنظیمیں اور افواج پاکستان اس موقع پر اپنا بھرپور کردار ادا نہ کرتیں۔تو شرحِ اموات بہت خوفناک ہوتی ۔
حاکمِ وقت عوام کا بزرگ ہوتا ہے ۔اسے اپنی عوام کے ہر دکھ درد کا احساس ہوتا ہے۔قوم کا حاکم قوم کا صیح معنوں میں اور عملی طور پر خادم ہوتا ہے۔صرف “خادم ” کی بڑھک لگانے سے خادم نہیں بنا جا سکتا۔خادم بننے کے لیئے عوام کے دکھ درد میں شامل ہونا پڑتا ہے ۔اپنی پیٹھ پر غلبہ اٹھا کر بھوکوں کے گھر پہنچانا پڑتاہے۔اپنی رعایا کی خبر گیری کے لیئے گلیوں میں گشت کرنا پڑتی ہے۔ٹھنڈے ٹھار ایوانوں اور شبستانوں میں مرغن کھانے ڈکار کر خالی خولی نعروں سے “خادم “یا “خادم اعلیٰ”نہیں بنا جاتا حضور۔صحیح معنوں میں قوم کا خام یا خادم اعلیٰ بننے کے لیئے آپ کو عوام کے مسائل جاننے ہوں گے۔ان کے دکھ درد میں شامل ہونا ہی پڑےگا۔
اللہ پاک ہمارے حکمرانوں کو صحیح معنوں میں خادم اعلیٰ بننے کے توفیق دے آمین یارب العالمین ۔
