جہلم(اختر شاہ عارف)یوں تو پورا پاکستان سیلاب کے پانیوں میں ڈوبا ہوا ہے ۔مگر صوبہ سندھ اور صوبہ بلوچستان تو گویا تباہی وبربادی کے مناظر پیش کر رہے ہیں۔آفات ارض و سماوی منجانب اللہ پاک ہوتی ہیں۔یہ آفات مالک حقیقی کی ناراضگی کی سبب بھی ہو سکتی ہیں۔اور اللہ رب العزت کی اپنے بندوں کی آزمائش کی وجہ سے بھی ہو سکتی ہیں۔اس لیئے کہ مالک کون و مکاں نے اپنی الہامی و آسمانی کتاب قرآن پاک میں بھی اس آزمائش کا ذکر کر دیا ہے۔ایسی آزمائشوں کی سختیاں،ایسے امتحانات کا کڑا پن اس وقت آسان ہو جایا کرتا ہے ۔جب اس کے اپنے اس کے شانہ بشانہ کھڑے ہو جاتے ہیں۔اس کے دکھ درد میں شامل ہوتے ہیں ۔اس کا حوصلہ بڑھاتے ہیں ۔اس کی دامے،درمےاورسخنے مدد کرتے ہیں۔مگر صوبہ سندھ اور اور صوبہ بلوچستان کے بسنے والے کس آدم کے بیٹے ہیں!!!کس حوا کی بیٹیاں ہیں کہ مہینوں گزر چکے ہیں۔اور ان دونوں صوبوں کی نسل آدم و حوا سیلاب کے پانیوں میں ڈوبی ہوئی ہے ۔بھوک و پیاس سے دم توڑ رہی ہے۔پھوٹے ہوئے مختلف وبائی امراض ہر روز ان گنت لوگوں کی جان لے رہے ہیں ۔ وہ اپنے تباہ شدہ گھروں کے ملبوں پر کھلے آسمان تلے موسم کی چیرہ دستیوں کا شکار ہو رہے ہیں۔مگر ایوان اقتدار کے سرخیلوں کے پاس اتنا وقت ہی نہیں ہے۔کہ وہ اپنے ان بہن بھائیوں،اپنے ساتھیوں کے پاس جا کر ان کو تسلی و تشفی کے لیئے دو چار بول ہی بول سکیں۔حکومتی نمائیندے عوام کے خادم ہوا کرتے ہیں ۔ان کی تنخواہوں ،الاؤنسز اور دیگر ساری عیاشیوں اور مراعات اسی غریب عوام کے خون پسینے کی کمائی کے ٹیکسوں کی مرہونِ منت ہوا کرتی ہے۔مگر ان بے حس اور ظالم حکومتی نمائندوں نے اس غریب عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں بالکل بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ملک بھر سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جانے والی بیشمار فلاحی اور انسانیت کا درد رکھنے والی تنظیمیں بتاتی ہیں۔کہ ان تباہ شدہ علاقوں میں جہاں ہر طرف تباہی و بربادی نے قیامت برپا کی ہوئی ہے۔وہاں صرف اور صرف افواج پاکستان اور ملک بھر سے آنے والی فلاحی اور انسانیت کا درد رکھنے والی تنظیمیں ہیں۔جو بغیر کسی صلے اور ستائش کے خالصتاً صرف اور صرف اللہ کے رضا اور خوشنودی کے لیئے اپنی مدد آپ کے تحت وہاں کے لوگوں کو کھانے پینے کے اشیاء،خیمے،کپڑے نقد رقوم ،انکے تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر،ان کی تعمیر کے لیئے نقد رقوم، پینے کے صاف پانی کے لیئے بورنگ اور فلٹریشن پلانٹس غرضیکہ ان کے لیئے ضروریات زندگی کی ہر وہ شے مہیا کر رہی ہیں۔جو صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری تھی۔ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے ڈاکٹرز کی ٹیموں نے اپنے اپنے نجی اور سرکاری ہسپتال چھوڑ کر ان تباہ شدہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ لگا لیئے ہیں۔اور وہ وہاں وبائی امراض کے شکار لوگوں کا نہ صرف فری طبی معائینہ کر رہے ہیں۔بلکہ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کر رہے ہیں۔ جبکہ حکومت نے امداد دینا تو درکنار،ان قیامت کا منظر پیش کرنے والے علاقوں کا دورہ کرنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی۔
حکومتی نمائیندوں کو اگر”اقتدار،اقتدار”کے کھیل سے اگر فرصت مل جائے تو ان سے جان کی امان پاتے ہوئے دست بستہ اتنا سا پوچھنے کی جسارت کرنا ہے۔کہ یہ کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے متاثرین کس آدم کے بیٹے ہیں اور بیٹیاں کس حوا کی ہیں۔جنہیں ان تباہ شدہ حالات میں دیکھ کر بھی آپ کا دل رائی برابر بھی نہیں پسیج ریا۔۔وہ کون سی ایسی مجبوریاں ہیں جن کی وجہ سے آپ لوگ اپنے ٹھنڈے ٹھار ایوانِ اقتدار سے نکلنے سے گریزاں ہیں۔وہ کون سی رکاوٹ ہے جس کی وجہ سے آپ کا اپنے پر تعیش شبستانوں سے نکلنے کو جی نہیں چاہ رہا ہے۔
