جہلم(اختر شاہ عارف)جہلم میں نانبائی اور بیکرز حکومتی احکامات کو جوتوں کی نوک پر مارتے ہوئے اپنے من مانے ریٹ پر مہنگائی کی ستائی ہوئی غریب عوام کا مزید بھرکس نکال رہے ہیں ۔جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔پچھلے دنوں ایک خبر شائع ہوئی تھی۔کہ گورنمنٹ نے سو گرام کی روٹی دس روپے جبکہ نان پندرہ روپے کا کر دیا ہے۔مگر تندور پر جا کر معلوم ہوا۔کہ گورنمنٹ کا یہ اعلان بھی گزشتہ “خوبصورت” مگر جھوٹے اعلانات کی طرح محض ایک خوش کن مگر جھوٹا اور گمراہ کن اعلان ہی تھا۔ایک سروے کیا گیا تو پتہ چلا کہ صرف نانبائیوں نے ہی نہیں بلکہ بیکرز اور دیگر ہر دکاندار نے اپنی مرضی سے ہر چیز کے نرخ اس حد تک بڑھا دیئے ہیں ۔کہ مہنگائی کی ستائی ہوئی عوام بلبلا اٹھی ہے۔جنگل کے بھی کوئی قاعدے قانون ہوں گے۔مگر یہاں تو لگتا ہے کوئی قاعدہ قانون ہی نہیں ہے۔ہر شخص بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہا ہے۔ہر شعبہ غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہا ہے۔اور متعلقہ ہر محکمہ اور ہر ادارہ بے بسی کی تصویر بنا خاموش تماشائی کی طرح صرف تماشا دیکھ رہا ہے۔صاحبان اقتدار و اختیار بس جھوٹے اعلانات کی حد تک ہی محدود ہو کر “ڈنگ ٹپاؤ”کی پالیسی پر گامزن ہیں۔جو حکومت اپنی رٹ قائم نہیں رکھ سکتی،اپنی بات پر عمل نہیں کرا سکتی،عوام کو کس بھی معاملے میں ریلیف نہیں دے سکتی اسے حکومت بھی کرنے کا کوئی حق حاصل نہیں یے۔اس لیئے اے صاحبانِ اقتدار و اختیار عوام کو ریلیف دینے کے لیئے اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں۔تاکہ اس مہنگائی کی چکی میں پستی ہوئی غریب عوام کو کوئی سکون کا سانس میسر آ سکے۔ اپنی نااہلیوں کی سزا عوام کو نہ دیں۔اس عوام کا اعتبار پہلے ہی آپ پر ختم ہو چکا ہے ۔یہ نہ ہو کہ اس جمہوری نظام پر سے بھی عوام کا اعتبار اٹھ جائے
